عمر گل ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کے لیے پرامید

10 فروری 2016
عمر گل کا شمار ٹی ٹوئنٹی کے صف اول کے باؤلرز میں ہوتاہے—فوٹو: اے ایف پی
عمر گل کا شمار ٹی ٹوئنٹی کے صف اول کے باؤلرز میں ہوتاہے—فوٹو: اے ایف پی

دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر عمر گل نے کہا ہے کہ وہ پورے ردھم سے کھیل رہے ہیں اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کا حصہ بننے کے لیے پرامید ہوں۔

ڈان کو خصوصی انٹرویو میں عمرگل کا کہنا تھا کہ وہ مکمل فٹ ہیں اور پورے ردھم سے میچز کھیل رہے ہیں اگرچہ وکٹیں زیادہ نہیں مل رہی ہیں لیکن ڈومیسٹک اور پی ایس ایل میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ "میں ورلڈ کپ اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے تیاری کررہا تھا ابھی ٹیم کا اعلان نہیں ہوا ہے امید ہے انشااللہ ٹیم میں جگہ بنا لوں گا اگرمنتخب نہیں ہوا تو دکھ ہوگا"۔

"میرے خیال میں چھے یا سات مہینے بعد ٹیم میں واپسی پر ایک میچ کھلا کرباہر کرنا کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ ناانصافی ہوگی"۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ "یہ بین لاقوامی لیگز بگ بیش اور کاؤنٹی کی طرح ہے یہاں کھیلنے میں ایسے مزا آرہاہے جیسے ان لیگز میں کھیلنے میں آتا ہے"۔

عمر گل پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی نمائندگی کررہے ہیں، ان کی ٹیم کو ٹائٹل کی فیورٹ ٹیموں میں سے ایک قرار دیا جارہا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل مین اب تک کھیلے گئے چارمیچوں میں سے تین میں کامیابی حاصل کی ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے.

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ٹا ئٹل میں کامیابی کے حوالے سے کہنا قبل از وقت ہوگا ابھی تو پہلا مرحلہ ہے تاہم لڑکے پراعتماد ہیں اور تمام کھلاڑی انفرادی کھیل پر توجہ نہیں دے رہے ہیں بلکہ ٹیم کے لیے کھیلتے ہیں بالخصوص نوجوان کھلاڑی بہت محنت کررہے ہیں جبکہ ٹیم میں شامل غیرملکی کھلاڑی بھی ٹیم کی جیت کے لیے محنت کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ "کھلاڑی ویوین رچرڈز سے بہت سیکھ رہے ہیں اوران کا مشہور جملہ انھیں مارو اس سے قبل وہ تمھیں ماریں پرعمل کرتے ہوئے سب لڑکے جہاں موقع ملے مخالف ٹیم کو دبوچ لیتے ہیں"۔

ٹیم کے کوچ معین خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے کھلاڑیوں کو بہترین ماحول دیا ہے.

عمر گل کا مزید کہنا تھا کہ "بیرونی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے محمد نبی کافی عرصہ پاکستان میں رہا ہے لہٰذا ان کے ساتھ تو کوئی دشواری نہیں ہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ بھی کھیل کر مزا آرہا ہے، کیون پیٹرسن، لیوک رائٹ اور ایلٹن چیگمبرا اچھے کھلاڑی ہیں وہ بھی ہمارے ساتھ کھیل کر محظوظ ہورہے ہیں"۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں