پاکستانی ایوان دنیا کی پہلی 'گرین پارلیمنٹ'

23 فروری 2016
وزیر اعظم نواز شریف نے منصوبے کا افتتاح کیا — فوٹو : بشکریہ قومی اسمبلی ویب سائٹ
وزیر اعظم نواز شریف نے منصوبے کا افتتاح کیا — فوٹو : بشکریہ قومی اسمبلی ویب سائٹ

اسلام آباد : پاکستان کی پارلیمنٹ کو شمسی توانائی پر منتقل کر دیا گیا ہے، جس کے بعد پاکستان کے ایوان قانون سازی نے دنیا کی پہلی 'گرین پارلیمنٹ' ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

پارلیمنٹ کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے کا افتتاح وزیر اعظم نواز شریف نے کیا، اس موقع پر قائد حزب اختلاف خورشید شاہ، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ رضاربانی اور دیگر پارلیمنٹرین بھی موجود تھے۔

افتتاح کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ 2018 بجلی بحران کے خاتمے کا سال ہوگا۔

چین کے تعاون سے لگائے گئے شمسی توانائی منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ پارلیمنٹ بجلی کی پیداوارمیں خود کفیل ہوگئی۔

پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت اب ملکی تاریخ میں پہلی بار نہ صرف شمسی توانائی سے اپنی بجلی کی ضروریات پوری کرے گی بلکہ نیشنل گرڈ اسٹیشن کو بھی بجلی مہیا کرے گی۔

یاد رہے کہ اس منصوبے کا افتتاح چین کے صدر شی چن پنگ نے اپریل 2015 میں پاکستان کے دورے کے موقع پر کیا تھا، یہ منصوبہ چینی صدر نے پارلیمنٹ کو بطور تحفہ دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : پارلیمنٹ ہاؤس کو متبادل توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے کا افتتاح

واضح رہے کہ اسپیکر اسمبلی ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں اراکین کو بتایا تھا کہ شمسی توانائی سے 80 میگاواٹ بجلی حاصل کی جائے گی جس میں سے 62 میگاواٹ بجلی قومی اسمبلی اور سینیٹ کے استعمال میں آئے گی، باقی بجلی اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کو فروخت کی جائے گی۔

ایاز صادق کے مطابق نیٹ میٹرنگ کا پہلا لائسنس پارلیمنٹ کو جاری کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ نیٹ میٹرنگ نظام کے ذریعے ضرورت سے زیادہ بجلی کو گرڈ اسٹیشن منتقل کر دیا جاتا ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر اُسی میٹر کے ذریعے دوبارہ بجلی حاصل کی جاتی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا بیان : پارلیمنٹ بلڈنگ شمسی توانائی پر منتقل ہو جائے گی

پارلیمنٹ ہاؤس اور اس کے ملحقہ علاقے میں 4 ہزار سولر پینلز لگائے گئے ہیں جن کی مدد سے بجلی حاصل کی جائے گی۔

پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن پی ٹی وی کے مطابق اس منصوبے کے بعد پاکستان کی پارلیمنٹ دنیا میں واحد پارلیمنٹ ہوگی، جس کی توانائی کی ضروریات شمسی توانائی سے پوری ہو رہی ہیں، اس سے قبل صرف اسرائیل کی پارلیمنٹ میں شمسی توانائی کو استعمال کیا گیا ہے لیکن وہ مکمل ضروریات کا صرف 10 فیصد توانائی ہی سولر انرجی سے حاصل کر رہے ہیں۔

اس منصوبے سے امکانات پیدا ہوگئے ہیں کہ دیگر بڑی عمارات پر بھی سولر انرجی پینلز لگا کر شمسی توانائی سے ضرورت کے مطابق بجلی پیدا کی جا سکے گی۔

وزیراعظم کی 3 ماہ بعد اسمبلی اجلاس میں شرکت

وزیراعظم نواز شریف نے طویل عرصے بعد چند منٹ کے لیے قومی اسمبلی اجلاس میں بھی شرکت کی ۔

وزیراعظم نے 3 ماہ بعد ایوان میں 36 ویں حاضری دی، قائد ایوان 89 دن بعد ایوان میں آئے آدھا گھنٹا بیٹھے اور بن بولے چل دیئے جبکہ قائد ایوان نے 25 نومبر کے بعد آج ایوان کو رونق بخشی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں