خفیہ امریکی پروگرام عام کرنیوالے  این ایس اے کے اہلکار ایڈورڈ سنوڈن-----رائیٹرز فائل فوٹو
خفیہ امریکی پروگرام عام کرنیوالے این ایس اے کے اہلکار ایڈورڈ سنوڈن-----رائیٹرز فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی حکام نے خفیہ امریکی پروگرام کو عام کرنیوالے ایڈورڈ سنوڈن پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے این ایس اے کی نگرانی کے مقدمے میں سنوڈن پر جاسوسی اور حکومتی دستاویزات کی چوری پر فرد جرم عائد کر دی۔

ورجینیا میں الیگزینڈریہ کی وفاقی عدالت میں ملزم کے خلاف ایک صفحے پر مشتمل شکایات پیش کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ سنوڈن قومی وفاع کی معلومات کی غیر قانونی ترسیل میں ملوث رہا ہے اور اس نے دانستہ طور پر خفیہ معلومات عام کی ہیں۔

دونوں الزامات جاسوسی کے ایکٹ کے تحت آتے ہیں اس پر حکومتی دستاویزات کی چوری کا الزام بھی عائد کیاگیا ہے۔

ان تینوں الزامات پرزیادہ سے زیادہ 10برس کی قید کی سزا ہو سکتی ہے جبکہ سنوڈن تسلیم کر چکا ہے کہ اس نے این ایس اے کی نگرانی کے دو انتہائی خفیہ پروگراموں کی تفصیلات ذرائع ابلاغ کو فراہم کی ہیں۔

دوسری جانب وکی لیکس کے ایک اہلکار نے آئس لینڈ کے حکومتی حکّام سے ملاقات کی ہے تا کہ سنوڈن کو آئس لینڈ میں سیاسی پناہ دلائی جا سکے-

وکی لیکس کا کہنا ہے، کہ اگر ان کی درخواست منظور کر لی گئی، تو ایک پرائیویٹ جیٹ فوری طور پر سنوڈن کو ہانگ کانگ سے آئس لینڈ لانے کے لئے تیار کھڑا ہے-

تبصرے (0) بند ہیں