'بورڈ وسیم اکرم کیخلاف فائلیں دوبارہ کھول سکتا ہے'

اپ ڈیٹ 10 مارچ 2016
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم—اے ایف پی فائل۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم—اے ایف پی فائل۔

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ کی انکوائری کمیٹی کے سربراہ شکیل شیخ نے وسیم اکرم کی حالیہ پریس کانفرنس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سابق فاسٹ باؤلر کو دوسروں کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے پہلے اپنے کریئر کو دیکھنا چاہیے جس کے دوران ان پر متعدد الزامات لگائے گئے۔

وسیم اکرم نے ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی دکھانے پر بننے والی انکوائری کمیٹی اور شکیل شیخ کا اس کے سربراہ بننے کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

مزید پڑھیں: وسیم اکرم تحقیقاتی کمیٹی بنانے کے مخالف

ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی بنانے کا فائدہ کیا ہے، یہ دو دن میں کھلاڑیوں کو کیا بتائے گی، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی قریب ہے اور ایسے میں کھلاڑیوں کو اعتماد دینے کے بجائے ان کا مورال گرایا جا رہا ہے۔

خبر رساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ میں شکیل شیخ نے کہا 'وسیم کے ماضی سے ہر کوئی واقف ہے، انہیں کسی پر بھی تنقید کرنے سے قبل سوچنا چاہئے کہ ان کا ماضی پرانی فائلوں میں موجود ہے جنہیں بورڈ دوبارہ کھول سکتا ہے'

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ ٹی 20 کیلئے اسکواڈ کا اعلان، احمد شہزاد شامل

میچ فکسنگ کے حوالے سے جسٹس قیوم کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے شکیل شیخ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں سٹے بازی وسیم اکرم نے متعارف کروائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ وسیم انکوائری کمیٹی کے اس لیے مخالف ہیں کیوں کہ انہیں خدشہ ہے کہ اس کی رپورٹ میں ان کے خلاف کچھ سامنے نہ آجائے۔

پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لینے والے وسیم فوری طور پر جواب دینے کے لیے دستیاب نہیں تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ کلب لیول پر کرکٹ کھیل چکے ہیں اور اسے اچھے انداز میں سمجھتے ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

فیصل سعید Mar 10, 2016 12:32pm
شکیل شیخ کی جانب سے وسیم اکرم کو دھمکی دینا کیا عجیب بات نہیں۔ اگر وسیم اکرم نے اپنے تجربے کی روشنی میں کوئی موقف اختیار کیا تو کیا جواباً بہتر موقف دینا چاہئے یا دوسرے کا ماضی یاد دلا کر اسے اپنی اوقات میں رہنے کی تلقین کرنی چاہئے؟آخر پاکستان کرکٹ بورڈ کس طرح کی طرز سوچ کے ساتھ کام کررہا ہے، افسوس کا مقام ہے۔