پیوٹن کا شام سے روسی فوجیوں کے انخلاء کا حکم

15 مارچ 2016
روسی صدر ویلامیر پیوٹن کریملن میں روسی وزیر دفاع سے بات چیت کررہے ہیں — فوٹو: اے پی
روسی صدر ویلامیر پیوٹن کریملن میں روسی وزیر دفاع سے بات چیت کررہے ہیں — فوٹو: اے پی

ماسکو: روسی صدر ویلادمیر پیوٹن کا کہنا ہے کہ انھوں نے شام سے روسی فوجوں کے اںخلاء کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔

خیال رہے کہ روسی صدر نے پانچ ماہ قبل اپنے اتحادی ملک شام کے صدر بشار الاسد کی حکومت کو بچانے اور مدد کیلئے فوجی آپریشن میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔

پیوٹن نے کریملن میں اپنے وزیر دفاع اور وزیر خارجہ سے کہا کہ روسی فوج نے شام میں اپنے مقاصد حاصل کرلیے ہیں اور ساتھ ہی شام میں امن معاہدہ کروانے کے لیے روسی سفارتی کوششوں کو تیز کرنے کا حکم بھی دیا۔

تاہم روسی قیادت نے شام سے روسی فوجوں کے انخلاء کی ڈیڈ لائن بتائے بغیر شام میں روسی فوج کے طویل قیام کی جانب اشارہ بھی کیا ہے اور کہا ہے کہ روسی فوج ٹارٹوس کے پورٹ اور لطاکیہ صوبے میں ہمیمم کے ایئر بیس پر قیام کرے گی۔

کریملن کے ترجمان ڈیمیٹری پیسکوف کا کہنا تھا کہ پیوٹن نے بشار الاسد کو فون کر کے روسی فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔

خیال رہے کہ روس کی جانب سے فوجوں کے انخلاء کے حوالے سے مذکورہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب اقوام متحدہ نے شام میں لڑنے والے گروپوں کے درمیان مذاکرات کے دوبارہ آغاز کی کوششیں تیز کردی ہیں۔

پیوٹن کا کہنا تھا کہ ہماری فوج کے مؤثر اقدامات امن عمل کے آغاز کی وجہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں یقین رکھتا ہوں کہ روسی وزارت دفاع اور فوج کو دیا جانے والا کام مکمل ہوگیا ہے، روسی فوج کی شمولیت سے شامی فوج نے عالمی دہشت گردی کے خلاف اپنے بنیادی مقاصد حاصل کرلیے ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

تبصرے (0) بند ہیں