ریاض: سعودی اتحاد کی جانب سے یمن میں فضائی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں 41 سویلین ہلاک جبکہ 75 زخمی ہوگئے۔

منگل کو ہونے والی کارروائی ہاجا میں کی گئی جو حوثی عسکریت پسندوں کے کنٹرول میں ہے۔

ہاجا کے محکمہ صحت کے ڈائریکٹر ایمن متھکور نے خبر رساں ادارے رائٹر کو بتایا کہ ضلع مصتبہ کی تین مارکتیں فضائی کارروائی کا نشانہ بنیں۔

یمنی نیوز ایجنسی صبا نیٹ نے ہلاکتوں کی تعداد 65 اور زخمیوں کی 55 بتائی۔

سعودی اتحاد کے ترجمان فوری طور پر اس حوالے سے تبصرہ کرنے کے لیے دستیاب نہیں تھے۔

اقوام متحدہ کے مطابق مارچ 2015 کے بعد سے اس تنازعے کے نتیجے میں 6000 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں سے نصف سویلین تھے۔

جنوری میں ایک یو این پینل نے فضائی حملوں کا نشانہ سویلینز کو پایا اور سیکیورٹی کونسل کو تحقیقات کی سفارش پیش کی۔

تاہم سعودی اتحاد اس دعوے کو مسترد کرتا رہا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں