'را' ایجنٹ ہندوستان کا 'سابق فوجی' قرار

اپ ڈیٹ 31 مارچ 2016
را کے ایجنٹ کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا — فوٹو : ڈان نیوز
را کے ایجنٹ کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا — فوٹو : ڈان نیوز

نئی دہلی : ہندوستان نے بلوچستان سے گرفتار ہونے والے 'را' کے مبینہ ایجنٹ کو شہری تسلیم کر لیا البتہ اس کو فوج کا سابقہ اہلکار ظاہر کیا گیا ہے۔

ہندوستان کے نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق نیوی کے ایک سابقہ اہلکار کو پاکستان کے صوبے بلوچستان میں بد امنی پھیلانے کے الزام گرفتار کیا گیا ہے۔

ہندوستان کی حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کسی شخص کے ذاتی فعل کو حکومت سے نہیں جوڑا جا سکتا جبکہ وہ وقت سے قبل ہی انڈین نیوی سے ریٹائرمنٹ لے چکا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان سے انڈین نیوی کا حاضر سروس افسر گرفتار
فوٹو بشکریہ این ڈی ٹی وی
فوٹو بشکریہ این ڈی ٹی وی

ہندوستان کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کو کسی بھی ملک کے داخلی معاملات میں مداخلت میں دلچسپی نہیں ہے۔

وزارت خارجہ کے مطابق ہندوستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ ایک مستحکم اور پرامن پاکستان پورے خطے کے مفاد میں ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حساس اداروں نے بلوچستان میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ہندوستانی نیوی کے حاضر سروس افسر کو گرفتار کیا تھا، جس کی صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے بھی تصدیق کی تھی۔

مزید پڑھیں : جاسوس کی گرفتاری: پاکستان کا ہندوستان سے احتجاج
فوٹو بشکریہ این ڈی ٹی وی
فوٹو بشکریہ این ڈی ٹی وی

اس گرفتاری کا اصل مقام تو ظاہر نہیں کیا گیا، تاہم سیکیورٹی اداروں کے مطابق گرفتار افسر کا تعلق ہندوستانی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے ہے اور اسے گرفتاری کے بعد تفتیش کے لیے اسلام آباد منتقل کردیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ملزم نے اپنا نام کلبھوشن یادیو اور تعلق ہندوستان نیوی سے بتایا، جو بلوچستان میں علیحدگی پسند تنظیموں کی مدد اور صوبے میں فرقہ وارانہ فسادات بھڑکانے میں ملوث ہے۔

فوٹو بشکریہ این ڈی ٹی وی
فوٹو بشکریہ این ڈی ٹی وی

اس کے علاوہ ملزم کے کراچی میں کالعدم دہشت گرد تنظیموں سے روابط ہیں، جبکہ وہ کراچی میں ہونے والی متعدد دہشت گردی اور تخریب کاری کی کارروائیوں کا ذمہ دار بھی بتایا جارہا ہے.

یاد رہے کہ 'را' کے جاسوس کی گرفتاری پر ہندوستانی ہائی کمشنر گوتم بامبا والے کو آج دفتر خارجہ طلب کیا گیا، جہاں سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے انہیں بلوچستان سے حاضر سروس ہندوستانی سیکیورٹی افسر کی گرفتاری سے متعلق آگاہ کیا۔

سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ ہندوستانی جاسوس کی گرفتاری سے ثابت ہوگیا ہے کہ ہندوستان، بلوچستان اور کراچی میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہے، جبکہ اس قسم کے ہندوستانی اقدامات دوطرفہ تعلقات پر منفی اثر ڈالتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : 'کوئی لندن، کوئی جنیوا سے استعمال ہورہا ہے'

دوسری جانب پاک فوج کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے دعویٰ کیا ہے کہ لندن اور جنیوا میں موجود کچھ عناصر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کررہے ہیں.

کوئٹہ میں یوم شہداء کی تقریب سے خطاب کے دوران لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کہنا تھا کہ بلوچستان سے گرفتار ہونے والے ہندوستانی جاسوس کے بلوچ علیحدگی پسند تنظیموں سے روابط تھے اور وہ صوبے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں