کوئٹہ: بلوچستان سے گرفتار ہندوستانی جاسوس کل بھوشن یادو نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ اس نے بلوچ علیحدگی پسندوں کو پاکستانی بندرگاہوں پر حملوں کی تربیت فراہم کی۔

ہندوستانی نیوی کے افسر اور 'را' کے لیے جاسوسی کرنے والے کل بھوشن یادو کو گزشتہ دنوں بلوچستان سے سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کیا تھا۔

پاکستانی حکام کے مطابق کل بھوشن یادو سے سفری دستاویزات اور متعدد جعلی شناختی کارڈ بھی برآمد ہوئے جب کہ اسے حراست میں لے کر اسلام آباد منتقل کیا گیا جہاں اس سے تفتیش جاری ہے۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر سیکیورٹی افسر نے ڈان کو بتایا کہ 'را' ایجنٹ نے تفیش کے دوران بتایا ہے کہ اس نے کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں پر دہشت گردی کے حملوں کی تربیت کے لیے اس نے کئی افراد کو ہندوستان بھیجا جب کہ ایرانی پورٹ چباہار سے ایک کشتی بھی خریدی تھی۔

مذکورہ جاسوس کی گرفتاری پر پاکستان نے ہندوستان کے ہائی کمشنر کو طلب کرکے ہندوستانی جاسوسوں کی بلوچستان اور کراچی میں سرگرمیوں پر سخت احتجاج بھی کیا تھا۔

جب کہ ہندوستان کے وزیر خارجہ اس بات کی تصدیق کر چکے ہیں کہ کل بھوشن یادو ہندوستانی شہری ہے اور نیوی کا سابق افسر ہے۔

پاکستانی حکام کے مطابق 'را' ایجنٹ ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوا تھا اور اس کے پاس درست ایرانی ویزا بھی موجود ہے۔

را ایجنٹ کی گرفتاری آئندہ چند روز میں واشنگٹن میں ہونے والی جوہری سربراہی کانفرنس میں پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف اور ان کے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کے درمیان ممکنہ ملاقات سے قبل سامنے آئی ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں