15ماہ میں کراچی سے 766 افغان مہاجرین گرفتار

اپ ڈیٹ 05 اپريل 2016
پاکستان میں 15 لاکھ رجسٹرڈ مہاجرین موجود ہیں —فوٹو:رائٹرز
پاکستان میں 15 لاکھ رجسٹرڈ مہاجرین موجود ہیں —فوٹو:رائٹرز

کراچی : ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے 2 اضلاع میں پولیس نے 15 ماہ میں سرچ آپریشنز کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم 766 مہاجرین کو حراست میں لیا۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق پولیس کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کراچی کے ضلع وسطی اور غربی میں 21 دسمبر 2014 سے 21 مارچ 2016 کے دورانیے میں سرچ آپریشنز کے دوران غیرقانونی طور پر مقیم 766 افغان مہاجرین کو گرفتار کیا گیا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق کراچی میں غیر قانونی طور پر مقیم 541 افغان مہاجرین کو ضلع غربی اور 225 کو ضلع وسطی سے گرفتار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : افغان مہاجرین کے پاکستان قیام میں توسیع

رپورٹ کے مطابق کُل 730 افغان مہاجرین کو گرفتار کرکے جیل بھیجا گیا جن میں سے 211 ضمانت پر رہا ہوئے۔

ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ضلع غربی نے تسلیم کیا کہ گرفتار ہونے والے تمام غیر قانونی مہاجرین عدالتوں میں پیش نہیں ہو پاتے، جبکہ عدالتوں میں پیش کیے جانے غیر قانونی مہاجرین درست سزا بھی نہیں دی جاتی۔

اس کی ایک بڑی مثال وہ 472 غیر قانونی افغان مہاجرین ہیں جن کے خلاف مقدمات درج ہیں مگر اُن کی گرفتاری میں پولیس کامیاب نہیں ہوسکی۔

پولیس کی جانب سے گرفتار کیے گئے 766 افغان مہاجرین میں سے 211 افراد اپنے دستاویزات مکمل کرکے ضمانت پر رہا ہوئے۔

مزید پڑھیں: افغان مہاجرین خود کو رجسٹر کروائیں، زہری

یہ بھی واضح رہے کہ گرفتار ہونے والے غیر قانونی مہاجرین سے بارودی مواد، اسلحہ اور نفرت انگیز لٹریچر بھی پولیس نے قبضے میں لیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں افغان مہاجرین کی بڑی تعداد گزشتہ 35 سال سے مقیم ہے، لاکھوں مہاجرین کی موجودگی سے یہ بحث ہمیشہ ہوتی رہی ہے کہ یہ مہاجرین ملک کی معیشت پر بوجھ تو نہیں بن رہے۔

اقوامِ متحدہ ہائی کمشنز برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کے مطابق پاکستان میں 15 لاکھ رجسٹرڈ مہاجرین موجود ہیں، ان مہاجرین کی پہلی بار باقاعدہ رجسٹریشن 2005 میں کی گئی جبکہ 1979 میں افغانستان میں سویت یونین کی آمد کے بعد سے افغانستان سے پاکستان ہجرت کا سلسلہ شروع ہوا تھا، یوں افغانستان میں جنگ شروع ہونے کے 26 سال بعد ان مہاجرین کی رجسٹرین ہوئی جو سرحد پار کرکے پڑوسی ملک میں پناہ لینے آئے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران ،افغان مہاجرین کو شام بھیج رہا ہے:ایچ آر ڈبلیو

یو این ایچ سی آر حکام کا کہنا ہے کہ سندھ میں افغان مہاجرین کی تعداد 67 ہزار تھی جو ان مہاجرین کے پاکستان سے افغانستان آنے جانے سے کم زیادہ ہوتی رہتی ہے۔

افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام کے لیے خصوصی اجازت نامہ جاری کیا جاتا ہے جس کو پروف آف رجسٹریشن (پی او آر) کہا جاتا ہے، ان کارڈز کا اجراء 2006 میں شروع ہوا، جبکہ اجراء کے بعد اس کی تاریخ تنسیخ میں 2 بار اضافہ کیا گیا، افغان مہاجرین کے اس کارڈ کی مدت کے خاتمے کی آخری ڈیڈ لائن دسمبر 2015 تھی، جس کے بعد یہ معاملہ خبروں کی زینت بنا ہوا ہے۔

افغانستان میں موجودہ صورتحال اور بد امنی کے باعث اکثر مہاجرین اپنے اور ملک کے مستقبل کے حوالے غیر یقینی کا شکار ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Riz Apr 05, 2016 03:42pm
If American decided to step back from Afghanistan as on there was no longer security issue and Afghan Cricket team done in other way for Pakistan .... I don't see any visible threats to send refugees to their homeland. ( EU Manners) As a matter of fact India has Visa on arrival policy for Afghanistan, So lets make Indian's life easy.