واٹس ایپ میں اہم سیکیورٹی فیچر متعارف

06 اپريل 2016
— اے ایف پی فائل فوٹو
— اے ایف پی فائل فوٹو

واٹس ایپ نے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کو اپنے تمام پیغامات کے لیے متعارف کرایا دیا ہے یعنی اب حکومتیں چاہے تو بھی صارفین کے بارے میں معلومات کو حاصل نہیں کرسکتیں۔

واٹس ایپ کے نئے ورژن میں سیکیورٹی ٹیکنالوجی کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے جس کا مطلب ہے کہ اب کسی بھی صارف کے میسج، ویڈیو، وائس میسج یا کال وغیرہ کے راستے میں مداخلت نہیں کی جاسکتی۔

واٹس ایپ کے مطابق اب میسج ارسال کرنے اور وصول کرنے والا ہی اس میسج، ویڈیو وغیرہ کو دیکھ سکیں گے اور واٹس ایپ خود بھی چاہے تو اسے نہیں دیکھ سکتی۔

واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ اس نے تمام تر سروسز کے لیے یہ نئی ٹیکنالوجی اپ ڈیٹ کردی ہے کیونکہ ہماری ترجیح ہمیشہ صارفین کے ڈیٹا اور رابطوں کو ہر ممکن حد تک محفوظ بنانا ہے۔

کمپنی کے بیان کے مطابق اب سے واٹس ایپ کے نئے ورژن سے ہر کال، ہر میسج، فوٹو، ویڈیو، فائل اور وائس میسج کو اگر بھیجا جائے گا تو ان پر اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ کا اطلاق ہوگا اور اس میں گروپ چیٹس بھی شامل ہوں گی۔

واٹس ایپ کے مطابق حالیہ عرصے کے دوران انکرپٹڈ سروسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کام کے حوالے سے کافی مباحثہ ہوا ہے، ہم سیکیورٹی اداروں کی اہمیت کا احساس کرتے ہیں جو لوگوں کو محفوظ بناتے ہیں مگر انکرپشن کو کمزور کرکے لوگوں کی معلومات کی چوری کا خطرہ نہیں بڑھایا جاسکتا۔

کمپنی کے مطابق اسے توقع ہے کہ اس ٹیکنالوجی اپ ڈیٹ کو دیگر ایپس اپنی سروسز کا حصہ بنائیں گی ' کیونکہ یہ ذاتی کمیونیکشن کے مستقبل کی عکاس ہے'۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں