لاہور: مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا 2018 تک ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ شاید شرمندہ تعبیر نہ ہو کیونکہ ایک ہزار 410 میگاواٹ کے تربیلا توسیعی منصوبے کا ایک اہم حصہ، 5 ارب روپے کے اضافی فنڈز کے باوجود اپنے مقررہ وقت میں مکمل ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔

اس ناکامی کی پہلی بڑی وجہ یہ ہے کہ واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے گزشتہ سال 5 ارب روپے کے توسیعی منصوبے کے معاہدے کے وقت، منصوبے کے ٹھیکیداروں کے ساتھ اس کے مکمل ہونے کے شیڈول کو حتمی شکل نہیں دی تھی، جبکہ دوسری بڑی وجہ یہ ہے کہ اتھارٹی نے منصوبے کے الیکٹرو مکینکل ڈویلپمنٹ کی ٹھیکیداروں کے کام کے ساتھ ہم وقت سازی بھی نہیں کی تھی۔

لہٰذا اب سول کنٹریکٹر مقررہ وقت پر کام مکمل نہ ہونے پر مختلف بہانے تلاش رہے ہیں جبکہ الیکٹرول مکینل کنٹریکٹر، جسے کبھی اس توسیعی منصوبے کا حصہ ہی نہیں بنایا گیا تھا، منصوبہ مکمل کرنے کے لیے مزید وقت اور فنڈز مانگ رہا ہے۔

واپڈا کے سینٹرل کنٹریکٹ سیل کے ایک سابق ملازم کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ بھی نیلم جہلم ہائیڈرو منصوبہ ثابت ہونے جارہا ہے، جس میں مقررہ فنڈز اور وقت سے کئی گنا زیادہ فنڈز اور وقت لگا، جبکہ گزشتہ ایک دہائی سے اس سے وعدے کے مطابق فائدہ بھی حاصل نہ ہوسکا۔

ڈان کی جانب سے واپڈا کو منصوبے کی ناکامی کے حوالے سے بھیجے گئے تفصیلی سوال نامے کے جواب میں اتھارٹی نے کہا کہ ’جو سوال نامہ آپ نے بھیجا ہے وہ اس معاملے سے متعلق ہے، جس پر اس وقت اتھارٹی کی جانب سے کوئی جواب دینا بعد میں اس کی پوزیشن خراب کرسکتا ہے اور اس کے مالی مضمرات ہوسکتے ہیں، اس لیے اس وقت اس سوال نامے کا کوئی جواب نہیں دیا جاسکتا۔‘

واضح رہے کہ ایک ہزار 410 میگاواٹ بجلی کے تربیلا توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد 2013 میں رکھا گیا تھا اور اسے فروری 2018 میں مکمل ہونا تھا۔

تاہم مسلم لیگ (ن) نے حکومت میں آنے کے بعد منصوبے کی تکمیل کا وقت آٹھ ماہ کم کرکے جون 2017 کردیا تھا۔

یہ خبر 11 اپریل 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Yousafzai Apr 12, 2016 01:14am
اس معاملے پر فوری اور سخت اقدامات لینے کی ضرورت ھے یہ بیروکریسی اور ٹھیکیداروں کی ملی بھگت ھے جس کی وجہ سے تاخیر ھورہی ھے حکومت نے فنڈز وقت پر دیا ھے مگر منصوبہ وقت پر پورا نہیں ھورہا ھے توانائی بحران ملک کا سب سے بڑے بحرانوں میں سے ایک ھے منصوبے کو وقت پر مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش ھونی چاہئے بجلی کا مسئلہ ھم سب کا مسئلہ ھے