بہاولپور: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اپوزیشن کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حکومت کے خلاف مہم میں ریڈ لائن عبور نہ کرے، جبکہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے ٹرمز آف ریفرنس (ٹی او آرز) سپریم کورٹ کے خط کی روشنی میں دوبارہ تیار کیے جائیں گے۔

بہاولپور میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اپوزیشن کی تنقید کے باوجود حکومت تمام شعبوں میں، عوام کی فلاح کے لیے ترقیاتی کام جاری رکھے گی۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی اور اپنے ساتھیوں کی آف شور کمپنیاں منظر عام پر آنے کے بعد، وزیر اعظم کا استعفیٰ طلب کرنے کا ڈرامہ بند کردینا چاہیے۔

انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر نواز شریف، وزیر اعظم کے عہدے سے علیحدہ ہو جاتے ہیں، تب بھی آپ وزیر اعظم نہیں بن سکتے۔‘

خواجہ سعد رفیق نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں وزیر اعظم کے احتساب کے بجائے اپنے والد اور سابق صدر آصف علی زرداری سے بات کرنی چاہیے، جنہوں نے بے نظیر بھٹو کے بعد پیپلز پارٹی کی کمان سنبھالی اور چند سالوں میں ہی اسے تباہ کردیا۔

یہ خبر 16 مئی 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں