شین ہیز قومی کرکٹ ٹیم کے فزیو تھراپسٹ مقرر

اپ ڈیٹ 30 مئ 2016
شہریار خان نے پی سی بی سے علیحدگی کی افواہوں کو مسترد کردیا—فوٹو: اے پی
شہریار خان نے پی سی بی سے علیحدگی کی افواہوں کو مسترد کردیا—فوٹو: اے پی

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے دورہ انگلینڈ کے لیے سپورٹ اسٹاف کو بڑھانے کے منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے آسٹریلیا کے فزیو تھراپسٹ شین ہیز کی تعیناتی کا اعلان کردیا۔

شہریار خان نے گزشتہ روز نیشنشل اسٹیدیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر سے مشورے کے بعد آسٹریلیا کے تجربہ کار فزیو تھراپسٹ شین ہیز کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔

شین ہیز قومی ٹیم کے سابق فزیو تھراپسٹ زمبابوے کے بریڈلی روبنسن کی جگہ لیں گے جو رواں سال جنوری میں دورہ نیوزی لینڈ کے بعد مستعفی ہوگئے تھے۔

شین ہیز ماضی میں چین اور جنوبی کوریا میں اولمپک کمیٹی کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔

شہریار خان کا کہنا تھا کہ 'روبنسن کے ذاتی وجوہات پر مستعفی ہونے کے بعد شین ہیز کی تعیناتی سے قبل مکی آرتھر سے مشورہ کیا گیا لیکن میرا نہیں خیال کہ دورہ انگلینڈ کے لیے مزید کسی کو شامل کیا جائے گا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہم سپورٹ اسٹاف کے طورپر مزید لوگوں کو شامل کرکے اپنے منصوبوں کو تباہ نہیں کرنا چاہتے'۔

انتخاب عالم کو ٹیم کے منیجر کے طورپر برقرار رکھنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ'میرے خیال میں انتخاب عالم ٹیم منیجر کی حیثیت سے بہترین کام کررہے ہیں اور وہ تجربہ کار شخص ہیں جو انگلینڈ کے دورے میں کسی بھی صورت حال سے نمٹ سکتے ہیں'۔

انھوں نےکہا کہ'کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ ٹیم کے لیے ماہر نفسیات کی ضرورت ہے لیکن میرے خیالات مختلف ہیں کیونکہ جب سے آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ جیسی ٹیموں کا نظام ہمارے جیسا نہیں رہا یہ ان کے لیے معمول کی بات ہے اسی لیے ہم اس وقت ان کی پیروی نہیں کررہے ہیں'۔

تاہم چیئرمین پی سی بی نے واضح کیا کہ 'اگر مکی آرتھر کو ٹیم میں کے لیے کسی آدمی کی ضرورت پڑی تو ہم اس پر غور کرسکتے ہیں'۔ مکی آرتھر آسٹریلوی شہریت ملنے کا انتظار کررہے ہیں جس کے بعد انھیں پاکستانی ویزہ جاری کیا جائے گا اور وہ پاکستان ٹیم کو جوائن کریں گے۔

شہریارخان نے اس حوالے سے کہا کہ 'میں آسٹریلیا میں ہمارے سفیر سے پہلے ہی درخواست کرچکا ہوں کہ آرتھر کے ویزہ کو جاری کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں تاکہ وہ کچھ دنوں میں پاکستان ٹیم میں شامل ہوسکیں گے'۔

فاسٹ باؤلر محمد عامر کے دورہ انگلینڈ کے لیے ویزا کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ' انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے حکام سے عامر کے ویزے پر بات ہوئی ہے اور مجھے یقین ہے کہ ان کے ویزے کی بروقت جاری ہونے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی'۔

82 سالہ شہریار خان نے ان افواہوں کی تردید کی کہ وہ پی سی بی سے کنارہ کش ہورہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میرا پی سی بی سے کنارہ کشی کو کوئی ارادہ نہیں ہے جیسا کہ کچھ لوگوں نے فرض کرلیا ہے'۔

چیئرمین پی سی بی نے وضاحت کر تے ہوئے کہا کہ'میں ہر سال کی طرح قلیل چھٹیوں پر انگلینڈ جارہا ہوں، میں یہ پڑھ رہا ہوں کہ میں پی سی بی کو چھوڑ رہا ہوں لیکن ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے'۔

'پی سی بی کے پہلے منتخب چیئرمین کی حیثیت سے میں اپنی مدت پوری کرنے کا خواہاں ہوں لیکن یہ کوئی نہیں جانتا کہ اگلے لمحے کیا ہوگا'۔

یہ خبر 30 مئی 2016 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں