رواں سال ایک ساتھ رمضان شروع ہونے کا امکان

اپ ڈیٹ 05 جون 2016
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں طلب کر لیا گیا ہے — فائل فوٹو : رائٹرز
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں طلب کر لیا گیا ہے — فائل فوٹو : رائٹرز

اسلام آباد : حکومتی کوششوں کے بعد ملک میں ایک ہی دن ماہ رمضان کا آغاز ہونے کا امکان ہے، پشاور کی مسجد قاسم خان کے مہتمم مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی سے قبل اپنی کمیٹی کا اجلاس نہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سال ملک بھر میں ماہ رمضان کا ایک ساتھ آغاز کرنے کے لیے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف کی قیادت میں وفد نے مسجد قاسم خان کے مہتمم مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے ساتھ مذاکرات کیے تھے، جس میں انہوں نے کئی مطالبات اور تجاویز پیش کیں۔

مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی جانب سے چاند دیکھنے کے معاملے میں تعاون پر حکومت نے مفتی پوپلزئی کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں طلب کرنے کی پیشکش کی تھی تاہم اب صرف مقامی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوگا جبکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں منقعد کرنے کا نوٹیفیکشین جاری کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : رمضان کا چاند دیکھنےکیلئے پشاور میں اجلاس پر غور

خیال رہے کہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کا یہ بھی موقف تھا کہ ان کی رویت ہلال کمیٹی میں چاند کی شہادت دینے والا شخص خود حاضر ہوتا ہے جبکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا یہ طریقہ کار نہیں ہے۔

تین ہفتے قبل سردار یوسف نے کہا تھا کہ رواں سال رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور مں منعقد کرنے پر غور کر رہے ہیں تاکہ چاند دیکھنے سے متعلق تمام مسائل اور اختلافات کو موقع پر ہی حل کیا جاسکے، حکومت ملک میں رمضان کے آغاز اور 2 عیدوں کے معاملے کو حل کرنے کے لیے سنجیدہ ہے، لیکن یہ کام بہت مشکل ہے۔

رمضان المبارک 1437 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 6 جون بروز پیر کو چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن کی زیر صدارت محکمہ موسمیات کے کراچی کیمپ آفس میں ہوگا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں رمضان کا چاند پیر کی شام نظر آنے کے قوی امکانات ہیں اور منگل 7 جون کو ملک میں پہلا روزہ ہو سکتا ہے۔

ماہرین فلکیات کے مطابق چاند نظر آنے کے لیے اس کی عمر 26 گھنٹے ہونی چاہیے جبکہ پیر کی شام تک چاند کی عمر 36 گھنٹے ہو جائے گی۔

دوسری جانب مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے بھی رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس کل ہی طلب کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق مسجد قاسم علی خان کے مہتمم مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے کہاہے کہ پشاور کی مقامی کمیٹی کا آج (5جون کو) کوئی اجلاس نہیں ہوگا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چاند کے حوالے سے کوئی بھی شہادت ملنے پر وفاقی وزیر مذہبی امور سے رابطہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک اور عیدالفطر کے چاند کے معاملے پر تقریباً ہر سال تنازعات سامنے آتے رہے ہیں جہاں پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی جانب سے ہر سال مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلانات کے برعکس ایک دن قبل ہی چاند دیکھنے کا اعلان کیا جاتا رہا ہے ہے۔

گذشتہ برس بھی مفتی پوپلزئی کی جانب سے عید الفطر 17 جولائی جمعہ کو منانے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ ملک بھر میں عیدالفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ایک روز بعد اسلام آباد میں ہوا اور کمیٹی کے اعلان کے مطابق ملک کے دیگر حصوں میں عید ہفتہ 18 جولائی 2015 کو منائی گئی، اسی طرح رمضان کے پہلے روزے کے حوالے سے بھی دونوں میں اختلاف سامنے آیا تھا۔

مفتی پوپلزئی موصول ہونے والی شہادتوں کو، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے رد کیے جانے کو خیبر پختونخوا سے زیادتی کے مترادف قرار دیتے رہے ہیں۔

دوسری جانب یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے جدید سائنسی حسابات کے مطابق ہوتے ہیں جبکہ مسجد قاسم علی خان کے فیصلے اکثریتی طور پر سائنسی اعتبار سے ناممکن ہوتے ہیں۔ سائنس کی مدد لیے بغیر چاند نظر آنے یا نہ آنے کا بالکل درست فیصلہ کرنا چونکہ مشکل ہے، اس لیے مسجد قاسم علی خان کے فیصلے اگر غلط نہ بھی ہوں، تب بھی مشتبہ ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : رمضان المبارک، متفقہ آغاز کیلیے حکومتی کوشش

سرکاری اور غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹیوں کے درمیان اختلافات نئی بات نہیں، یہ سلسلہ برسوں سے جاری ہے اور دونوں کمیٹیوں کی جانب سے ایک دوسرے کی شہادتوں کو تسلیم کرنے سے انکار کیا جاتا رہا ہے۔

یوں تو چارسدہ، مردان اور خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں مقامی طورپر رویت ہلال کی بہت سی کمیٹیاں قائم ہیں جو ہر سال اپنے طور پر فیصلے کرتی رہی ہیں، تاہم ان میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی کمیٹی کو سب سے زیادہ بااثر خیال کیا جاتا ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا کے تقریباً 70 سے 80 فیصد لوگ مفتی پوپلزئی کی کمیٹی کے اعلان کے مطابق ہی رمضان کا آغاز کرتے ہیں اور عید الفطر مناتے ہیں، اس کمیٹی کے صوبہ کے دیگر اضلاع کی کمیٹیوں کے ساتھ بھی رابطے قائم ہے۔

مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی مسجد قاسم علی خان مبینہ طور پر گزشتہ تقریباً دو صدیوں سے رمضان کی آمد اور عید الفطر کے حوالے سے فتوے جاری کررہی ہے۔ یہی نہیں بلکہ پوپلزئی خاندان پچھلے 80 سالوں سے اس مسجد کا انتظام بھی سنبھالتا آرہا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

Nadeem Ahmad Jun 05, 2016 04:40pm
All middle east countries follow Saudi Arabia ,Pakistan also follow it , because it is the symbol of unity .
Israr Jun 06, 2016 12:51am
اج دنیا کے تقریباﹰ تمام اسلامی اور غیر اسلامی ملکوں میں کل روزہ رکھنے کا اعلان ھوچکا ھے صرف پاکستان انڈیا اور بنگلہ دیش میں مولوی اپنی من مانی کرتے ھیں انکا اسلام کیا ان سے الگ ھے کیا ان کا چاند دوسروں سے جدا ھے مسلکی بنیاد اور اختلافات کی وجہ سے اسلامی تہواروں کو متنازعہ بنانا اسلام کی خدمت نہیں بلکہ امت میں اختلاف پیدا کرنے کا بعث بنے گا میری تجویز ھے کہ ایک مسلم ممالک کی ایک مشترکہ کونسل بنائی جائے جو چاند کے حوالے سے فیصلے کریں اس سے یہ مسئلہ ھمیشہ کیلئے ختم ھوجائیگا