اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ایک پروگرام کے دوران 'خودکشی کے مناظر' دکھانے پر جیو انٹرٹینٹمنٹ کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 جون کو جوابدہی کا حکم جاری کردیا۔

پیمرا کے اعلامیے کے مطابق 13 جون کو پروگرام کے میزبان ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے 'ایک لڑکی کی پنکھے سے لٹک کر خودکشی کے مناظر دکھائے۔

مزید پڑھیں: پیمرا چیئرمین کو ٹی وی نشریات بندش کا اختیار

اعلامیے میں کہا گیا کہ خودکشی کے مناظر دکھانا، اس کی گرافکس کے ذریعے عکاسی یا دھندلی تصاویر کے ذریعے دکھانے پر مکمل اور مستقل پابندی عائد کی گئی تھی۔

پیمرا کے مطابق پروگرام میں شام 7:52 پر میزبان نے شرکاء کو 'الٹی سیدھی حرکات' کرنے اور پنجابی میں غصہ دلانے پر اکسایا جس پر پروگرام میں شریک ایک شخص نے گالی بھی نکال دی جو نشر بھی ہوئی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ میزبان کی غیر ذمہ دارانہ، غیر پیشہ وارانہ حرکات و گفتگو اور گالی نشر ہونے پر پیمرا کو متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پیمرا کا کرائم شوز پر پابندی کا اعلان

پیمرا کے مطابق شکایت کنندگان جن میں پاک فوج کے سرونگ افسران بھی شامل ہیں، نے میزبان عامر لیاقت حسین کا پاکستان کے پرچم اور پاک فوج کی وردی کو اپنے پرومو میں کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کرنے پر شدید رنج کا اظہار کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شکایات میں عامر لیاقت حسین کے پروگرام میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

پیمرا نے جیو انٹرٹینمنٹ سے 21 جون تک اس حوالے سے جواب طلب کیا ہے جبکہ جواب موصول نہ ہونے کی صورت میں پیمرا یکطرفہ کارروائی کرنے کا مجاذ ہوگا۔

مزید جانیں: ماروی سرمد،حمداللہ معاملے پر ٹی وی چینل کو نوٹس

پیمرا قوانین کے تحت پروگرام کو بند کرنے یا پھر دس لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی-ف) کے سینیٹر حافظ حمد اللہ اور سماجی کارکن ماروی سرمد کے درمیان ٹی وی پروگرام میں ہونے والی تلخ کلامی اور دھمکی آمیز گفتگو نشر کرنے پر پیمرا نے نجی ٹی وی چینل نیوز ون کو بھی اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں