کیا آپ کو فیس بک پر انگلش میں اسٹیٹس اپ ڈیٹ لکھنے میں مشکل کا سامنا ہوتا ہے ؟ اگر ہاں تو اب کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ سماجی رابطے کی یہ ویب سائٹ ہی آپ کی مدد کرے گی۔

جی ہاں فیس بک نے خودکار ترجمہ کرنے والا فیچر متعارف کرادیا ہے جو مختلف زبانوں میں آپ کی پوسٹس کو شائع کرنے میں مدد دیتا ہے۔

ملٹی لینگویج کمپوزر نامی اس فیچر کے ذریعے آپ کسی ایک زبان میں اپنی پوسٹ کو لکھیں اور پھر اپنی پسند کی دیگر زبانوں کا انتخاب کرلیں جن میں شائع کرنا چاہتے ہیں اور پبلش کردیں۔

مثال کے طور پر اگر آپ انگلش میں کچھ لکھتے ہیں اور ہسپانوی زبان میں پبلش کرنا چاہتے ہیں تو یہ نیا کمپوزر آپ کی مدد کرے گا۔

ابھی اس ٹول میں 45 زبانیں موجود ہیں اور فیس بک کا کہنا ہے کہ جلد ان میں اضافہ کیا جائے گا۔

اس فیچر کو استعمال میں لانے کے لیے اکاﺅنٹ سیٹنگز میں جاکر post in multiple languages پر کلک کریں۔

فیس بک الگورتھم میں ایک بار پھر تبدیلی

فیس بک نے اپنے الگورتھم میں ایک بار پھر تبدیلی کرتے ہوئے اب نیوز فیڈ پر دوستوں کی پوسٹس کو زیادہ ترجیح دینا شروع کردی ہے جبکہ میڈیا اور دیگر اداروں کے مواد کو کم از کم دکھانے کا اعلان کیا ہے۔

فیس بک کے مطابق ہماری اس اپ ڈیٹ کے نتیجے میں کچھ پیجز کی ریچ اور ٹریفک میں کمی آنے کا امکان ہے تاہم ہم اپنے صارفین کو اولیت دیتے ہیں۔

تاہم یہ ان افراد کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہوگا جو خبروں کے حصول کے لیے فیس بک پر انحصار کرتے ہیں اور ان کی تعداد بہت زیادہ ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں