گلیکسی نوٹ 7 فون 2 اگست کو

13 جولائ 2016
— فوٹو بشکریہ سام سنگ
— فوٹو بشکریہ سام سنگ

سام سنگ اپنے رواں سال کے ایک اور بڑے اسمارٹ فون گلیکسی نوٹ 7 کو اگلے ماہ متعارف کرائے گی۔

اس بات کا اعلان جنوبی کورین کمپنی نے منگل کو کیا۔

سام سنگ ڈیوائس کے بارے میں کوئی تفصیل تو نہیں بتائی مگر متعارف کرانے کی تقریب کے دعوت نامے میں نام کا عندیہ ضرور دیدیا۔

دعوت نامے میں سام سنگ کا مخصوص ایس پین اسٹائلوس بنا ہوا ہے جس کے نیچے لکھا ہے ' 7 Unpacked 2016 ' ۔

اس طرح سام سنگ نے ان افواہوں کی تصدیق کردی کہ گلیکسی نوٹ 5 کے بعد سکس کی بجائے 7 ماڈل متعارف کرایا جائے گا۔

سام سنگ نے یہ فیصلہ اپنی نوٹ سیریز کو گلیکسی ایس فونز کے قریب رکھنے کے لیے کیا ہے۔

سام سنگ کے اس نئے فلیگ شپ فون کی اکثر تفصیلات پہلے ہی سامنے آچکی ہیں بلکہ تصاویر بھی لیک ہوچکی ہیں۔

مزید پڑھیں : سام سنگ کا نیا گلیکسی نوٹ فون کیسا ہوگا؟

سام سنگ کے نوٹ فونز عام طور پر بڑی اسکرین کے حامل ہوتے ہیں جن کے ساتھ اسمارٹ پین ہوتا ہے تاکہ صارفین زیادہ آسانی سے ان پر کام کرسکیں۔

رواں سال کے ماڈل میں ایک آئی آر آئی ایس اسکینر کو بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

اسی طرح 6 جی بی ریم، 3600 سے 4 ہزار ایم اے ایچ بیٹری، 12 میگا پکسلز رئیر اور پانچ میگا پکسلز فرنٹ کیمرہ، نیا آئی آر آئی ایس اسکینر، آئی ٹریکنگ ٹیکنالوجی، آئی پی سکس ایٹ ریٹڈ واٹر ریزیزٹنس اور 64 جی بی اسٹوریج جیسے فیچرز اس کا حصہ ہوسکتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں