اسلام آباد: مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے بادی النظر میں مسابقتی ایکٹ 2010 کے سیکشن 3 کی خلاف ورزی پر بحریہ ٹاؤن پرائیویٹ لمیٹڈ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

بحریہ ٹاؤن پرائیویٹ لمیٹڈ پر اپنی غالب پوزیشن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کیبل، انٹرنیٹ اور ٹیلی فون سروس فراہم کرنے والی کمپنی ’نیا ٹیل‘ کو، بحریہ ٹاؤن راولپنڈی کے فیز ایک سے 6 میں سروس فراہم کرنے کی اجازت نہ دینے کا الزام ہے۔

مسابقتی کمیشن آف پاکستان کے ترجمان کے مطابق کمیشن نے بحریہ ٹاؤن راولپنڈی کے ایک رہائشی کی ای میل ملنے کے بعد معاملے کی تحقیقات کی۔

بحریہ ٹاؤن کے رہائشی کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ نے صرف پی ٹی سی ایل کو، بحریہ ٹاؤن کے فیز ایک سے 6 میں کام کرنے کی اجازت دے کر صارفین کی پسند اور آئی ٹی سروس کی مارکیٹ میں مسابقت پر قدغن لگائی۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کا بحریہ ٹاؤن کراچی کو تعمیراتی کام روکنے کا حکم

کمیشن کی انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بادی النظر میں بحریہ ٹاؤن نے یہ اقدام کرکے اپنی غالب پوزیشن کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی اور کسی دوسری آئی ٹی کمپنی کو سروس فراہم کرنے سے انکار ناصرف امتیازی سلوک ہے، بلکہ اس سے صارفین کی پسند ناپسند کے اختیار کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

شوکاز نوٹس میں بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ مسابقتی کمیشن کے بینچ کے سامنے 18 اگست کو پیش ہوکر اپنی پوزیشن واضح کرے۔

مزید پڑھیں: بحریہ ٹاؤن کراچی: لالچ اور قبضے کا لامحدود سلسلہ

یاد رہے کہ دو روز قبل سپریم کورٹ آپ پاکستان نے کراچی میں ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کی جانب سے الاٹ کی گئی زمین پر بحریہ ٹاؤن کو کسی بھی طرح کی تعمیراتی سرگرمیوں سے روکتے ہوئے قومی احتساب بیوو (نیب) کو ہدایت کی تھی کہ وہ دو ماہ میں معاملے کی تحقیقات مکمل کرے۔

ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بحریہ ٹاؤن کو غیر قانونی طور پر سرکاری زمین الاٹ کرنے کا الزام ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Aug 04, 2016 11:23pm
وقت اگیا ھے کہ بحریہ ٹاؤن اور ملک ریاض کے دولت کی تحقیقات ھونی چاہئے ملک ریاض پر یہ الزام کوئی نیا نہیں کہ انہوں نے بحریہ ٹاؤن کے منصوبوں میں دھونس دھاندلی اور دو نمبری کی ھے ان پر ایسے الزامات وقتاً بوقتاً لگتے رہے ھیں