کراچی: ہندو برادری نے رکشابندھن کا تہوارشری لکشمی نارائن مندر میں مذہبی عقیدت کے ساتھ منایا، شہر بھر سے مندر میں عبادت کے لیے آئی ہوئی خواتین اور لڑکیوں کی جانب سے خاص اہتمام کیا گیا تھا، اپنے بھائیوں کو بری نظر سے محفوظ رکھنے کے لیے ان کی کلائی پر راکھی باندھ کر ان کی سلامتی کے لیے پوجا کی۔

مذہبی روایات کے مطابق لڑکیاں راکھی کا دھاگا ہر اس شخص کے باندھ سکتی ہیں جس سے وہ اپنے بھائی کی حیثیت سے عقیدت رکھتی ہوں۔

بہنیں اپنے بھائی کی سلامتی کیلئے رکشا بندھن کے تہوار پر ان کی کلائی پر راکھی باندھتی ہیں— فوٹو/ آن لائن
بہنیں اپنے بھائی کی سلامتی کیلئے رکشا بندھن کے تہوار پر ان کی کلائی پر راکھی باندھتی ہیں— فوٹو/ آن لائن

تہوار میں شریک دشا، امریتا اور یوگیتا نے اپنے ہمسائے میں رہنے والے بومک اور لکش کو راکھی باندھی، جنہوں نے ان سے بھائیوں کی طرح حفاظت کرنے کا وعدہ کیا، مندر میں موجود لکشمی بھیمجی نے اپنے دونوں بیٹوں کو تہوار مناتے دیکھتے ہوئے کہا کہ ان کی پہلی بیٹی 3 سال کی عمر میں مرگئی تھی، اگر وہ ہوتی تو وہ بھی آج اپنے چھوٹے بھائیوں کو راکھی باندھتی۔

لکشمی بھیمجی کا مزید کہنا تھا کہ انھوں نے بھی مندر کے باہر سے اپنے بھائیوں کے لیے راکھی خریدی ہے، ان کے 4 بھائی موہن، نارائن، اریش، راجندر ہیں، جن میں سے 2 درزی کا کام کرتے ہیں جبکہ 2 بھائی فائیو اسٹار ہوٹل میں باورچی ہیں، ان کے کام سے گھر دیر سےآنے کی وجہ سے وہ ان کو شام کے وقت راکھی باندھیں گی۔

ایک ہندو لڑکی مذہبی تہوار مناتے ہوئے اپنے بھائی کے ہاتھ پر راکھی باندھ رہی ہے— فوٹو/ اے ایف پی
ایک ہندو لڑکی مذہبی تہوار مناتے ہوئے اپنے بھائی کے ہاتھ پر راکھی باندھ رہی ہے— فوٹو/ اے ایف پی

لکشمی نے مزید بتایا کہ ان کےشوہر بھیمجی کی بھی بہنیں ہیں، جو ہر سال اپنے بھائی کی کلائی پر راکھی باندھتی ہیں، لیکن صرف میرے بچوں کے پاس ان کی اپنی بہن نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ تو شکر ہے اس تہوار کا کہ جس کے بدولت میرے بیٹوں کو دوسری لڑکیاں بھائیوں کی نگاہ سے دیکھتی ہیں اور وہ بہنوں کی محبت کو غلط نظر سے نہیں دیکھتے۔

دونوں خاندانوں کی شری لکشمی نارائن مندر آنے کی وجہ رکشابندھن کے حوالے سے ثقافتی تاریخ ہے،مندر کے سامنے ندی بھی بہتی ہے، عرصہ دراز سے ہندو برادری عبادت کے لیے یہاں آ رہی ہے۔

مندر کے سامنے ایک خاتون پانی میں آٹے کے ٹکڑے ڈال رہی تھیں، ان بزرگ خاتون کا کہنا تھا کہ اس ندی کا پانی دریا گنگا سے جا ملتا ہے۔

رکشا بندھن کے تہوار کے حوالے سے شری لکشمی نارائن مندر کے پجاری ارجن مہاراج نے بتایا کہ یہ تہوار ہندو مذہب کے مہینے شرون کے حساب سے پورے چاند یعنی چودھویں کی رات شروع ہوتا ہے، جبکہ رکشا بندھن 7 روز تک جاری رہنے والا تہوار ہے۔


یہ رپورٹ 19 اگست 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں