کراچی: مالی سال 16-2015 میں بہترین کارکردگی کے بعد رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں بھی ہیوی کمرشل وہیکل کی فروخت میں اضافے کا رجحان برقرار رہا۔

ہینو پاک موٹرز نے 50 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ خود کو مارکیٹ لیڈر کے طور پر برقرار رکھا اور رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں اس کے یونٹس کی فروخت میں 82 اعشاریہ 9 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

ہینو پاک موٹرز نے جولائی اور اگست میں اپنے 503 یونٹس فروخت کیے، جبکہ گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں فروخت ہونے والے یونٹس کی تعداد 275 تھی۔

ہینو پاک موٹرز کے بعد دوسرے نمبر پر زیادہ مارکیٹ شیئر رکھنے والی آئی سوزو رہی، جس نے رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں 398 یونٹس فروخت کرکے اپنے شرح نمو میں 164.7 فیصد اضافہ کیا۔

اسی طرح ہیوی کمرشل وہیکل کی کٹیگری میں نِسان ٹرک کے شرح نمو میں دو ماہ کے دوران 21.7 فیصد جبکہ ماسٹر کے شرح نمو میں 14.6 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

مالی سال 17-2016 کے پہلے دو ماہ کے دوران ہینو پاک موٹرز کو بسوں کی فروخت میں بھی برتری حاصل رہی اور کمپنی نے گزشتہ مالی سال اسی عرصے میں 104 یونٹس کی فروخت کے مقابلے میں رواں سال 192 بسیں فروخت کیں۔

ایک ہیوی وہیکل اسمبلر کا کہنا تھا کہ کچھ اسمبلرز کو مسلح افواج اور حکومت پنجاب کی جانب سے بڑے آرڈرز ملے، جبکہ پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے نے بھی ٹرکوں کی مانگ میں اضافہ کیا ہے۔

تاہم ہینو پاک موٹرز کے اسٹریٹیجک بزنس پلاننگ اور پلانٹ آپریشن کے سربراہ نوشاد ریاض کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی تجارتی مانگ نے ہیوی وہیکل کٹیگری، بالخصوص ٹرک اور پرائم موورز کی حرکیات کو بدل دیا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کمرشل مارکیٹ کی نسبت دفاع، حکومت پنجاب اور سی پیک سے متعلقہ منصوبوں کے حوالے سے ملنے والے ٹرکوں کے آرڈرز ناکافی ہیں، جبکہ حکومتی پالیسیوں نے ہیوی وہیکلز کی فروخت میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

یہ خبر 20 ستمبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں