اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ایف سیون سے اسپین کے سفارت خانے کے ایک اہلکار کی لاش برآمد ہوئی۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) سٹی شیخ زبیر کے مطابق اسپین کے سفارتخانے کے ایک اہلکار ہوان ہوس گنیر (Juan José Giner) کی لاش اسلام آباد کے تھانہ کوہسار کے علاقے ایف سیون ٹو کی گلی نمبر 12 میں واقع مکان سے برآمد ہوئی۔

انھوں نے بتایا کہ پولیس جب جائے وقوع پر پہنچی تو سفارتکار کو ان کے کمرے میں مردہ حالت میں پایا، کمرہ اندر سے بند تھا جسے کھول کر پولیس اندر داخل ہوئی، سفارت خانے کے اہلکار کے پاس سے 38 بور پستول بھی ملا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق بظاہر یہی معلوم ہوتا ہے کہ سفارت خانے کے اہلکار نے خودکشی کی۔

ایس پی شیخ زبیر کے مطابق گنیر اسپین کے سفارتخانے میں بحیثیت کونسلر اتاشی تعینات تھا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ اسپین کے سفارت خانے کو اطلاع دے دی گئی ہے جبکہ فرانزک موبائل لیب موقع پر بلا لی گئی ہے اور جائے وقوع سے شہادتیں اکٹھی کرکے واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

ایس پی شیخ زبیر نے مزید بتایا کہ سفارتکار کی لاش کو پولی کلینک ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق گنیر 34 سال سے پاکستان میں مقیم تھے، انھوں نے 2 شادیاں کی، ایک بیوی کا تعلق اسپین سے اور دوسری اٹالین تھی، لیکن دونوں شادیاں کامیاب نہ ہوسکیں۔

پولیس کے مطابق اسپین کے سفارتکار کو استھما یعنی سانس کی بیماری تھی اور وہ اپنے بوڑھے خانسامے کے ہمراہ رہائش پذیر تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں