انٹرنیٹ کیسے زندگی بدلتا ہے ...

20 اکتوبر 2016
ارشد خان نے شوبز کیریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا ہے— فوٹو بشکریہ/ فٹ ان ڈاٹ پی کے
ارشد خان نے شوبز کیریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا ہے— فوٹو بشکریہ/ فٹ ان ڈاٹ پی کے

اسلام آباد کے ایک ہوٹل میں چائے بنانے والا نوجوان اب فیشن کی دنیا میں قدم رکھ چکا ہے جس نے اپنے کیریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کردیا ہے۔

کچھ عرصے پہلے کی بات ہے جب اسلام آباد میں ایک فوٹوگرافر نے فوٹو واک کے دوران اس چائے والے کی ایک تصویر لی جس کے پیچھے پوری دنیا دیوانی ہوگئی۔

ارشد خان نامی یہ نوجوان اب ریٹیل سائٹ فٹ ان کا ماڈل بن چکا ہے جس کی پہلی شوٹ بھی سامنے آچکی ہے۔

مگر ارشد خان کی شہرت صرف پاکستان تک ہی محدود نہیں رہی بلکہ اس کی چائے والی تصویر دنیا بھر میں وائرل ہوکر اسے مشہور کرا چکی ہے۔

یہاں جانیں کہ بین الاقوامی میڈیا اس نوجوان کے بارے میں کیا رائے رکھتا ہے۔

مشہور امریکی ویب سائٹ میش ایبل نے ارشد خان کے حوالے سے لکھا کہ سوشل میڈیا سے وائرل ہونے والی تصویر میں نظر آنے والا اٹھارہ سالہ نوجوان اب ماڈلنگ کیرئیر کا آغاز کرچکا ہے۔ اس کے بقول یہ ایک مثال ہے کہ کس طرح وائرل تصویر سے ملنے والی شہرت حقیقی کامیابی میں کام آتی ہے۔

اسی طرح ایک ہندوستانی ویب سائٹ کوارٹز نے بھی اسلام آباد کے اتوار بازار میں چائے فروخت کرنے والے اس اٹھارہ سالہ نوجوان پر خصوصی اسٹوری کی اور بتایا کہ اس کی تصویر چند ماہ پہلے جیا علی نامی فوٹو گرافر نے لی جسے 15 اکتوبر کو پوسٹ کیا گیا تو وہ وائرل ہوگئیں۔ 17 اکتوبر تک ارشد خان پاکستان میں ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن چکا تھا اور انڈین افراد بھی اسے سراہنے لگے تھے وہ بھی اس وقت جب دونوں ممالک میں کشیدگی کافی زیادہ بڑھی ہوئی، وہاں یہ ایک تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوا۔ اس کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو شک ہے کہ سوشل میڈیا زندگی بدل دینے والا تجربہ نہیں تو اب اسے اپنے خیالات پر نظرثانی کرلینی چاہئے۔

مشہور سرچ انجن یاہو نے بھی اس پر فیچر لکھتے ہوئے کہا کہ کسی نے بھی ایک غیرمتوقع مقام پر اس جادوئی شخصیت کی موجودگی کا تصور نہیں کیا تھا جس نے تصویر سے شہرت ملنے کے بعد اب ماڈلنگ اسپانسر شپ حاصل کرلی ہے۔

برطانیہ کا مشہور روزنامہ گارڈین بھی ارشد خان کے سحر سے بچ نہیں سکا اور لکھا کہ اٹھارہ سالہ اس نوجوان کی تصویر بھارت کے سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ کی حیثیت حاصل کی جس سے دونوں ممالک کے تعلقات پر جمع برف بھی پگھلی، کیونکہ بولی وڈ نے پاکستانی اداکاروں پر پابندی عائد کررکھی ہے۔ روزنامے کا کہنا تھا کہ اس نوجوان کی تصویر دنیا بھر میں شیئر ہورہی ہے۔

برطانیہ کے ہی روزنامے انڈیپینڈنٹ نے بھی ارشد خان کے حوالے سے لکھا کہ چائے بنانے کے دوران لی جانے والی ایک تصویر نے اس نوجوان کی تصویر مکمل طور پر بدل کر رکھ دی اور چائے والا کا ٹرینڈ دنیا بھر میں ٹاپ پر چلا گیا اور اسے بڑے پیمانے پر لوگوں کی توجہ حاصل ہوئی۔

ٹیلیگراف کے مطابق ایک وجیہہ پاکستانی چائے والا راتوں رات شہرت حاصل کرنے اور ماڈلنگ کنٹریکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا، جس کی وجہ اس کی ایک تصویر انسٹاگرام پر شیئر ہونا تھا۔ اخبار کے بقول بھارت سے لے کر لندن تک اس تصویر کو پسند کیا گیا، جبکہ ارشد خان اس شہرت پر بہت زیادہ خوش ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ارشد خان کا خاندان پچیس سال سے اسلام آباد میں مقیم تھا اور چائے بنانے سے پہلے وہ اس اتوار بازار میں پھل فروخت کرتا تھا۔

ڈیلی میل نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ سوشل میڈیا پر پوسٹ ہونے والی تصویر کے چار روز بعد ہی ارشد خان کو ایک آن لائن ریٹیلر کی جانب سے ماڈلنگ کا معاہدہ مل گیا۔

مشہور ویب سائٹ بز فیڈ نے لکھا کہ ایک چائے والے کی تصویر دنیا بھر میں شیئر ہورہی ہے اور لوگ اس کے بارے میں کمنٹس کرنے سے رک نہیں پارہے۔ اس ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے فوٹوگرافر جیا نے بتایا 'اس کی دو تصویریں تو اس وقت لی گئیں جب وہ چائے بنانے میں مصروف تھا مگر میں خوش قسمت ہوں کہ وہ وائرل شاٹ لینے میں کامیاب ہوگئی جب وہ میری طرذح دیکھ کر مسکرا رہا تھا'۔

بی بی سی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ راتوں رات قسمت بدل دینے والی تصویر کی بدولت اب ارشد خان چائے والا کی بجائے 'فیشن والا' بن گیا ہے۔ رپورٹ کے بقول فٹ ان ڈاٹ پی کے کے فیس بک پیج اور ویب سائٹ پر یہ پیغام لکھا ہے ' چائے والا اب چائے والا نہیں رہا اب وہ فیشن والا بن گیا ہے'۔

یو اے ای کے روزنامے خلیج ٹائمز نے لکھا کہ پاکستان کا نیلی آنکھوں والا نوجوان 'چائے والا' ایک تصویر کے بعد انٹرنیٹ اسٹار بنا اور اب اسے ماڈل کا کام مل گیا ہے، اخبار کے مطابق 18 بہن بھائیوں میں سے ایک ارشد خان تین ماہ سے اسلام آباد کے اتوار بازار میں چائے بنانے کا کام کررہا تھا اور وہ کبھی اسکول نہیں گیا۔

بھارت کے اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ارشد خان کو سوشل میڈیا پر کہا جارہا تھا کہ اسے انڈین خواتین کے خلاف 'سرجیکل اسٹرائیکس' کے لیے استعمال کیا جائے ، جسے اب ماڈلنگ کنٹریکٹ مل گیا ہے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق جیا خان کی لی جانے والی تصویر میں موجود ایک چائے والا پہلے انٹرنیٹ پر مشہور ہوا جو کہ کسی فلم کی طرح ہے، اتنی تیزی سے شہرت ملنے کے بعد اس نوجوان سے مقامی میڈیا نے رابطہ کیا اور ارشد نے فلموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، جس کے فوری بعد اسے ماڈلنگ کی پیشکش ہوگئی۔

بنگلہ دیش کے اخبار ڈھاکا ٹربیون کے مطابق 'انٹرنیٹ سے ملنے والی شہرت کس طرح کسی کی زندگی بدلتی ہے، اس کی مثال ارشد خان ہے جو اب چائے والے سے ماڈل بن گیا ہے'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں