گوجرانوالہ میں پولیس نے کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 5 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پنجاب پولیس کے انسداد دہشت گردی یا کاؤنٹر آف ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے گوجرانوالہ میں کارروائی کرتے ہوئے 5 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ ان کے 3 ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کو گرفتاری کرنے کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے پانچوں 'دہشت گردوں' کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، جن کے قبضے سے دو کلاشنکوف، دستی بم اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: گجرانوالہ میں کارروائی، 3 ’دہشت گرد‘ ہلاک

ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی نے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 8 افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تھا، اس دوران ملزمان اور سی ٹی ڈی کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جبکہ ملزمان کی اپنی ہی فائرنگ سے ان کے 5 ساتھی ہلاک ہو گئے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے تینوں ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور جلد ہی انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔

تاہم واضح رہے کہ پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کس چیز کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

خیال رہے کہ پنجاب پولیس کے انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے گذشتہ ہفتے بھی دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے لاہور میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 'دہشت گردوں' کا پیچھا کیا تھا تاہم وہ اپنے ہی متعدد ساتھیوں کو ہلاک کرکے فرار ہوگئے تھے۔

یہ بھی پرھیں: لاہور: شہباز تاثیر کے اغواء کار سمیت 6 'دہشت گرد' ہلاک

اس سے قبل بھی پنجاب میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران خفیہ اطلاعات کی بنا پر کی جانے والی کارروائیوں اور کومبنگ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں کے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔

یاد رہے کہ 18 اکتوبر 2016 کو سی ٹی ڈی نے گجرانوالہ میں کارروائی کے دوران القاعدہ کے 3 ’دہشت گردوں‘ کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

17 اکتوبر کو پنجاب پولیس نے شیخوپورہ میں کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 6 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: پنجاب: القاعدہ کے مزید 6 دہشت گرد ہلاک

23 جولائی کو ضلع راجن پور میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے 5 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

20 مئی 2016 کو مظفر گڑھ کے قریب مونڈکا چوک کے علاقے میں القاعدہ کے 6 مبینہ دہشت گرد پولیس مقابلے میں مارے گئے تھے۔

6 اپریل 2016 کو سی ٹی ڈی نے لاہور میں کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 6 مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں