اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ہندی زبان میں ڈب شدہ کارٹون دکھانے پر نکلوڈیون (Nickeledeon) چینل کا لائسنس معطل کردیا۔

پیمرا کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اتھارٹی نے 19 اکتوبر ،2016 کو فیصلہ کیا تھا، جس کے تحت کسی بھی سیٹلائٹ یا لینڈنگ رائٹس والے ٹی وی چینل پر بھارتی مواد دکھانے پر مکمل پابندی عائد کی گئی تھی۔

تاہم Nickeledeon چینل پیمرا کے فیصلے کی روگردانی کرتے ہوئے مسلسل کئی روز سے ہدایات کی خلاف ورزی کر رہا تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ Nickeledeon کی معطلی سے متعلق ہدایات تمام ڈسٹری بیوشن نیٹ ورکس کو دے سی گئی ہیں، جبکہ چینل کی معطلی کا فیصلہ فوری نافذ العمل ہوگا۔

پاکستان میں اے آر وائی کیمونیکیشنز، چینل کا لینڈنگ رائٹس ہولڈر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی چینلز، مواد پر مکمل پابندی عائد

واضح رہے کہ 19 اکتوبر کو پیمرا کے جاری نوٹیفیکشن کے مطابق 16 اکتوبر 2016 کو ادارے کا 120واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں سٹیلائٹ ٹی وی چینلز اور ریڈیو پر بھارتی مواد نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس میں مزید کہا گیا تھا کہ یہ فیصلہ حکومت کی جانب سے سمری کا جواب موصول ہونے پر کیا گیا، جس میں حکومت پاکستان نے اتھارٹی کو مکمل اختیارات دیئے ہیں کہ وہ بھارتی مواد سے متعلق فیصلہ سازی کرنے میں بااختیار ہے۔

پیمرا کا کہنا تھا کہ اس کا اطلاق 21 اکتوبر 2016 سے ہو گا اور خلاف ورزی کرنے والے ٹی وی چینلز اور ایف ایم ریڈیوز کا لائسنس بغیر شوکاز نوٹس جاری کیے معطل کردیا جائے گا۔

قبل ازیں چیئرمین پیمرا ابصار عالم کا کہنا تھا کہ بھارت میں اُن فلموں پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے جن میں پاکستانی فنکار کام کر رہے ہیں، لہٰذا ہمیں بھی یہی کرنا چاہیے اور (پیمرا) نے حکومت سے ہندوستانی چینلز اور مواد پر مکمل پابندی لگانے کی سفارش کردی۔

مزید پڑھیں: پیمرا کی بھارتی چینلز،مواد پر مکمل پابندی لگانے کی سفارش

یاد رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے باعث انڈین فلم ایسوسی ایشن نے پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی تھی، اس کے علاوہ بھارتی چینل ’زی زندگی‘ نے بھی پاکستان کے تمام ڈراموں کی نمائش بھارت میں روکنے کا اعلان کردیا تھا۔

ان واقعات کے بعد پاکستانی سینما گھروں کی انتظامیہ نے بولی وڈ کی فلموں کی نمائش پر پابندی لگاتے ہوئے اعلان کیا کہ اب سینماؤں میں پاکستان کی کامیاب فلمیں پیش کی جائیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں