اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ حکومت چاہے جو بھی رکاوٹیں ڈالے 2 نومبر کو پوری قیادت سڑکوں پر نکل آئے گی۔

ڈان نیوز کے پروگرام 'نیوز آئی' میں گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ 'ہماری حکمتِ عملی 2 نومبر کیلئے ہے، لہذا اس سے پہلے ہم اپنی طاقت کا مظاہرہ نہیں کریں گے اور ایک مرتبہ ہم سڑکوں پر آگئے تو پھر چاہے لاٹھی چارج ہو یا گرفتاریاں، ہم کسی چیز سے نہیں ڈریں گے'۔

انھوں نے کہا کہ حکومت بتائے کہ جب ایک صوبے کا وزیراعلیٰ وہاں کے شہریوں کے ساتھ اسلام آباد آنا چاہتا ہے تو پھر انہیں کس قانون کے تحت روکا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت قومی یکجہتی کو تقسیم کرنے میں مصروف ہے اور اسی لیے آج خیبر پختونخوا کا پنجاب سے زمینی رابطہ ہی منقطع کردیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف جس طرح کے اقدامات اٹھا رہے ہیں، اُس سے ملک کو نقصان اور ہمارے دشمن کو فائدہ ہورہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ جب ایک صوبے کے وزیراعلیٰ پر بدترین آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں اسلام آباد آنے والے تحریک انصاف کے قافلے پر پنجاب پولیس اور ایف سی اہکاروں کی جانب سے شدید شیلنگ کی گئی جس کے بعد کارکنان منتشر ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کارکنان و پولیس برہان انٹرچینج پرآمنے سامنے

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 2 نومبر کو اسلام آباد کو لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان کیا ہے اور پی ٹی آئی خیبر پختوا کے کارکنان وزیراعلیٰ کی قیادت میں احتجاج میں شامل ہونے کے لیے اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہیں۔


تبصرے (0) بند ہیں