فوٹو/ ظہیر سیال
فوٹو/ ظہیر سیال

حافظ آباد : اسلام آباد لاہور موٹر وے پر شدید دھند کی وجہ سے تقریباً 12 گاڑیوں میں تصادم ہوا، جس سے 13 افراد ہلاک جبکہ 72 افراد زخمی ہوئے۔

ڈان نیوز کے مطابق حافظ آباد میں ایم-ٹو موٹر وے پر 12 گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں۔

ٹکرانے والی گاڑیوں میں 7 ٹرک، 2 کوسٹریں، 2 کاریں اور 2 اے پی وی اور دیگر کچھ گاڑیاں شامل ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) ڈاکٹر سردار غیاث گل کے پی آر او سب انسپکٹر حافظ احمد نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد میں خواتین بھی شامل ہیں، جن کو پنڈی بھٹیاں ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

فوٹو/ ظہیر سیال
فوٹو/ ظہیر سیال

سب انسپیکٹر حافظ احمد نے حادثے میں 13 افراد کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی ہے، جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایک تبلیغی جماعت کا قافلہ پشاور سے رائے ونڈ جارہا تھا، جس دوران یہ حادثہ پیش آیا۔

حادثے میں ہلاک ہونے والے 6 افراد کی شناخت بھی ہوئی، جن کا تعلق نوشہرہ سے ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے موٹروے پر ہونے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور حادثے میں زخمی افراد کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

فوٹو/ ظہیر سیال
فوٹو/ ظہیر سیال

انہوں نے ڈی سی او محمد علی رندھاوا کو زخمیوں کے لواحقین کو کھانا اور دیگر سہولیات فراہم کرنے اور ہلاک افراد کی میتیں ان کے آبائی علاقوں میں بجھوانے کے انتظام کرنے کی ہدایات دیں۔

واضح رہے کہ پنجاب بھر میں شدید دھند کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشنز کو ٹریفک کے لیے بند بھی کیا جاتا رہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں