بریتھ ویٹ کا عالمی ریکارڈ اور ویسٹ انڈیز کی یادگار فتح

03 نومبر 2016
بریتھ ویٹ کو ٹیسٹ میچ میں مجموعی طور پر 202 رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ فوٹو اے ایف پی
بریتھ ویٹ کو ٹیسٹ میچ میں مجموعی طور پر 202 رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ فوٹو اے ایف پی

شارجہ: پاکستان کے خلاف ویسٹ انڈیز کی فتح میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اوپننگ بلے باز کریگ بریتھ ویٹ نے دونوں اننگز میں ناٹ آؤٹ رہ کر نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔

شارجہ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں بریتھ ویٹ نے پہلی اننگز میں بیٹ کیری کرتے ہوئے 142 رنز کی اننگز کھیل کر سیریز میں پہلی مرتبہ اپنی ٹیم کو پاکستان کے خلاف قیمتی برتری دلائی جو فیصلہ کن ثابت ہوئی۔

صرف یہی نہیں بلکہ جب دوسری اننگ میں 153 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 67 رنز پر آدھی ویسٹ انڈین ٹیم پویلین لوٹ گئی تو بریتھ ویٹ نے شین ڈاؤرچ کے ساتھ شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو پانچ وکٹ کی یادگار فتح سے ہمکنار کرایا اور 60 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

اس اننگکے ساتھ ہی وہ ایک ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں ناقابل شکست رہنے والے تاریخ کے واحد بلے باز بن گئے۔

انہیں اس عمدہ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو پانچ وکٹ سے شکست دی جو اس کی بیرون ملک پاکستان کے خلاف 1990 کے بعد پہلی کامیابی ہے، اس سے قبل 1990 میں فیصل آباد کے مقام پر پاکستان کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا لیکن اس کے بعد ویسٹ انڈیز سے باہر کھیلے گئے 11 ٹیسٹ میچوں میں سے نو پاکستان نے جیتے اور دو ڈرا ہوئے۔

یہ ویسٹ انڈیز کی جیسل ہولڈر کی زیر قیادت پہلی فتح تھی جنہیں اس سے قبل 11 ٹیسٹ میچوں میں سے آٹھ میں شکست ہوئی اور دو ڈرا ہوئے۔

صرف یہی نہیں بلکہ یہ ویسٹ انڈیز کی بیرون ملک اپنے سے بہتر ٹیسٹ رینکنگ کی حامل ٹیم کے خلاف 2007 کے بعد پہلی ہے جب آخری مرتبہ 2007 میں جنوبی افریقہ کو اسی کی سرزمین پر زیر کیا تھا۔

اس میچ میں شکست کے باوجود سیریز 2-1 سے پاکستان کے نام رہی جس نے دبئی اور ابوظہبی میں کھیلے گئے ابتدائی دونوں میچز اپنے نام کیے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں