حکومت کا کہنا ہے کہ فرانس کی کار بنانے والی معروف کمپنی رینالٹ 2018 سے پاکستان میں کاروں کی اسمبلنگ کا آغاز کرے گی۔

بورڈ آف انویسمنٹ (بی او آئی) نے جاری بیان میں کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی کوششوں کی بدولت رینالٹ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کرلیا ہے اور یہ وزیراعظم نواز شریف کی اقتصادی پالیسی اور ویژن کا حصہ ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پالیسی کی منظوری کے بعد ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے متعدد اجلاسوں میں شرکت کی اور آٹو کے شعبے میں سرمایہ کاری کی رغبت کیلئے اقدامات کیے۔

انھوں نے پاکستان میں موجود اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کی اور غیر ملکی کمپنیوں کو پاکستان کے آٹو سیکٹر میں راغب کرنے کیلئے متعدد غیر ملکی دورے بھی کیے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے متعدد غیر ملکی کمپنیوں کے حکام سے ملاقات کی جن میں ویکاس ویگن، پیوگیٹ، رینالٹ اور نسان شامل ہیں۔

سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عید الالضحیٰ کے موقع پر وفاقی وزیر دفاع اور ڈاکٹر مفتاح اسماعیل نے فرانس کا دورہ کیا تھا اور رینالٹ کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی تھی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی راہداری کمیٹی نے آٹو پالیسی کا جائزہ لینے کیلئے مزید ایک کمیٹی تشکیل دی اور اس میں پاکستان کے آٹو سیکٹر میں توسیع، سرمایہ کاری اور صارفین کے تحفظ کے لیے نئے اقدامات کی سفارش کی گئی۔

مذکورہ کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کررہے ہیں جس میں وزیر مملکت اور چیئرمین بورڈ آف انویسمنٹ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل شامل ہیں۔

کمیٹی کے کئی اجلاس منعقد ہوئے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کی گئی جبکہ خواجہ محمد آصف کی رہنمائی گرین فیلڈ سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں موجودہ بند آٹو یونٹوں کو بحال کرنے کی نئی پالیسی پیکج بنانے کا فیصلہ کیا گیا.

پالیسی کے انجینئرنگ کے حوالے سے مسودہ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ نے تیار کیا جبکہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل پالیسی کے مالی حصہ تیار کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں