پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے گوجرانوالہ میں کارروائی کرتے ہوئے 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا، جبکہ ایک علیحدہ واقعے میں ساتھیوں کی مبینہ فائرنگ سے ڈاکو کے ہلاک ہونے کا دعویٰ بھی کیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق انہیں اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 3 مبینہ دہشت گرد گوجرانوالہ میں موجود ہیں اور وہ کسی دربار کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ اس اطلاع پر سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا اور 3 مبینہ دہشت گردوں علی رضا، عاطف مشتاق اور جواد حمزہ کو گرفتار کرلیا۔

مزید پڑھیں: سرگودھا میں پولیس کی کارروائی، '4 دہشت گرد' گرفتار

ترجمان سی ٹی ڈی نے ملزمان کے قبضے سے بارودی مواد اور اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ کچھ ماہ سے پنجاب پولیس کا سی ٹی ڈی ڈپارٹمنٹ غیر معمولی طور پر فعال ہو گیا ہے اور انھوں نے متعدد کارروائیوں کے دوران سیکڑوں مبینہ دہشت گردوں کو مقابلے میں ہلاک کرنے اور درجنوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ساتھیوں کی فائرنگ سے 'خطرناک ڈاکو' ہلاک، پولیس

ادھر پنجاب پولیس نے دعویٰ کیا کہ گوجرانوالہ میں ریکوری کے لیے لائے جانے والے 'خطرناک ڈاکو' کے ساتھیوں نے پولیس کی گاڑی پر مبینہ طور پر فائرنگ کردی جس سے پولیس حراست میں موجود ڈاکو ہلاک ہوگیا۔

تھانہ دھلے پولیس نے قتل، ڈکیتی اور راہزنی سمیت متعدد سنگین مقدمات میں ملوث عبدالجبار کو آج سنٹرل جیل گوجرانوالہ سے ریمانڈ پر تھانے منتقل کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شیخوپورہ: سی ٹی ڈی سے 'مقابلے' میں 9 'دہشت گرد' ہلاک

پولیس کے مطابق ڈکیتی کے ایک مقدمے میں تفتیش کے لیے عبدالجبار کو دوسری جگہ منتقل کیا جا رہا تھا کہ راجکوٹ کے قریب پہلے سے گھات لگائے ملزم کے مبینہ چار نامعلوم ساتھیوں نے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ جس کی زد میں آ کر عبدالجبار عرف جبارو ہلاک ہوگیا، جبکہ ملزم کے چاروں ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔

مزید پڑھیں: سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 5 'دہشت گرد' ہلاک

واضح رہے کہ واقعے میں کسی پولیس اہلکار کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کے اعلیٰ حکام اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے جنہوں نے ملزم کی لاش کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں