راولپنڈی: صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں ایک نجی ہوٹل سے غیر ملکی شہری کی لاش برآمد ہوئی۔

پولیس کے مطابق راولپنڈی کینٹ کے علاقے صدر میں واقع نجی ہوٹل کے کمرے کے باتھ روم سے جاپانی شہری اوتر آریکا کی لاش برآمد ہوئی۔

تاہم جاپانی شہری کی موت کی وجہ کا تاحال تعین نہیں کیا جاسکا۔

جاپانی شہری کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق اوتر آریکا رواں ماہ 6 نومبر کو پاکستان آیا تھا اور یہاں آتا جاتا رہتا تھا۔

پولیس کے مطابق ہوٹل کا مذکورہ کمرہ فرحت نامی شہری نے کرایہ پر لیا تھا، جو جاپانی شہری کے ساتھ مل کر گاڑیوں کا کام کرتا تھا۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ فرحت لاہور کا رہائشی ہے، جسے حراست میں لے لیا گیا۔

دوسری جانب جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد: اسپین کے سفارتکار کی لاش برآمد

اس سے قبل رواں برس 13 اکتوبر کو بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ایف سیون سے اسپین کے سفارت خانے کے ایک اہلکار ہوان ہوس گنیر (Juan José Giner) کی لاش برآمد ہوئی تھی۔

ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا تھا کہ ہسپانوی سفارت خانے کے اہلکار نے خودکشی کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں