نئی دہلی: اگلی بار جب آپ تاج محل میں ہوں، کسی خطرناک پہاڑی پر کھڑے ہوں اور تیزی سے ٹرین کو آتا ہوا دیکھ رہے ہوں تو آپ کو چاہیے کہ اس موقع پر سیلفی لینے کی کوشش کرنے کے بجائے اس لمحے سے لطف اندوز ہوں۔

آپ کو یہ مشورہ دینے کی ضرورت اس لیے پیش آئی کیوں کہ یہ تین وجوہات ایسی ہیں جن کی وجہ سے بھارت میں سیلفی لینے کی کوشش کرنے والے 76افراد کو اپنی جان سے ہاتھ دھونے پڑے۔

یہ اعداد و شمار امریکا میں قائم کارنیگی میلن یونیورسٹی اور دہلی کے اندرا پراستھا انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ میں سامنے آئے۔

یہ بھی پڑھیں: سیلفی حادثہ: 11 سالہ لڑکی والدین سمیت دریا میں ڈوب کر ہلاک

رپورٹ کے مطابق اچھوتی سیلفیاں لینے کی کوشش میں سب سے زیادہ اموات گزشتہ دو برسوں کے دوران بھارت میں ہوئیں اور یہ تعداد دنیا بھر میں ہونے والی سیلفی سے وابستہ اموات سے کہیں زیادہ ہے۔

محققین نے خصوصی طریقوں سے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کو چھانا اور مارچ 2014 سے اب تک سیلفی کی وجہ سے ہونے والے 127 اموات کی تصدیق کی۔

محققین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر زیادہ سے زیادہ لائکس اور کمنٹس حاصل کرنے کی جستجو کو سیلفیوں کی وجہ سے ہونے والی اموات کا ذمہ دار ٹھہرایا کیوں کہ لوگ خود کو منفرد ثابت کرنے کے لیے حد سے گزرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔

سلیفیوں کی وجہ سے ہونے والی اموات میں پاکستان کا دوسرا نمبر ہے۔

مزید پڑھیں: نقلی پستول کے ساتھ سیلفی لینے والا طالبعلم ہلاک

محقیقن کا کہنا ہے کہ ’خطرناک سیلفیاں لینے کا رجحان تباہ کن ہے کیوں کہ صرف 2015 میں دنیا بھر میں شارک مچھلی کے حملے میں ہونے والی ہلاکتوں سے زیادہ اموات سیلفی کی وجہ سے ہوئیں‘۔

گزشتہ ہفتے شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق شمالی بھارت میں تین طالب علم سامنے سے آنے والی ٹرین کے ساتھ سیلفی بنانے کی کوشش کے دوران ہلاک ہوئے۔

اسی طرح ایک اور طالب علم اونچی چٹان پر کھڑا ہوکر سیلفی لینے کی کوشش کررہا تھا کہ اچانک نیچے گر کر ہلاک ہوگیا۔

اس کے علاوہ ایک جاپانی سیاح سیلفی لیتے ہوئے تاج محل کی سیڑھیوں سے گھر کر ہلاک ہوگیا تھا جبکہ ایک کشتی میں سوار 7 لوگ سیلفی لینے کی کوشش کررہے تھے کہ ان کی کشتی الٹ گئی اور وہ سب جان سے چلے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: چلتی ٹرین کے سامنے سیلفی لینے والا نوجوان ہلاک

پاکستان سیلفی کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے اور یہاں اب تک 9 اموات ہوچکی ہیں، امریکا میں 8 جبکہ روس میں 6 افراد سیلفی لیتے ہوئے ہلاک ہوئے۔

بھارت کی آبادی 1.25 ارب ہے جو کہ امریکا سے 4 گنا اور پاکستان سے 6 گنا زیادہ ہے لیکن کم آبادیوں کے باوجود پاکستان اور امریکا میں سیلفی کی وجہ سے ہونے والی اموات کی شرح بلند ہے۔

رپورٹ کے مطابق چین جس کی آبادی دنیا میں سب سے زیادہ 1.37 ارب ہے ، اب تک وہاں سیلفی کی وجہ سے محض 4 اموات ہوئی ہیں۔

یہ خبر 19 نومبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں