کراچی: وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے نجی ہسپتال میں حال ہی میں گورنر کا عہدہ سنبھالنے والے جسٹس سعید الزماں صدیقی کی عیادت کی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم دفاعی نمائش آئیڈیاز کے افتتاح کے بعد کراچی کے نجی ہسپتال گئے جہاں انہوں نے گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی کی عیادت کی جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی وزیر اعظم کے ہمراہ موجود تھے۔

واضح رہے کہ گورنر کا عہدہ سنبھالنے کے چند روز بعد ہی 78 سالہ سعید الزماں صدیقی کو 13 نومبر کو سانس لینے میں تکلیف ہوئی تھی جس کے بعد انہیں ہسپتال میں داخل کرادیا گیا تھا۔

گورنر ہاؤس کے ترجمان کے مطابق سعید الزماں صدیقی کو سینے کے انفیکشن اور سانس کی تکلیف کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گورنر سندھ کی طبعیت ناساز، ہسپتال منتقل

اطلاعات کے مطابق گورنر سندھ کی حالت خطرے سے باہرہے تاہم ڈاکٹرز نے انہیں مزید ایک روز کے لیے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ سعید الزماں صدیقی نے 11 نومبر 2016 کو سندھ کے 31 ویں گورنر کے طور پر حلف اٹھایا تھا۔

9 نومبر کو وزیر اعظم نواز شریف اور صدر ممنون حسین کے درمیان ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں وفاقی حکومت نے سابق گورنر سندھ عشرت العباد کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا اور یوں گورنر سندھ کی 14 سالہ گورنری کا خاتمہ ہوا تھا۔

مزید پڑھیں: عشرت العباد تبدیل، جسٹس سعید الزماں گورنر سندھ مقرر

سعید الزماں صدیقی چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں اور اس سے قبل وہ 2003 اور 2008 میں عہدہ صدارت کے امیدوار رہ چکے ہیں۔

جسٹس سعید الزمان صدیقی نے جنرل (ر) پرویز مشرف کے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کیا تھا۔

گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنی ترجیحات کے حوالے سے جسٹس سعید الزماں نے کہا تھا کہ ان کی سب سے پہلی ترجیح امن و امان کا قیام ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ، 'حکومت کے ذمہ اہم کام امن و امان کا قیام ہے، جس کی ذمہ داری صوبائی حکومت اور گورنر پر آتی ہے، اگر کراچی میں امن ہوگا تو یہاں کاروباری سرگرمیاں پھلے پھولیں گی۔'

گورنر سندھ کو ہٹانے جانے کے حوالے سے سوال کے جواب میں جسٹس سعید الزماں کا کہنا تھا کہ 'میرے ذاتی خیال میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کا تنازع ہی وہ سب سے بڑی وجہ ہے، جس کے باعث عشرت العباد کو ہٹایا گا۔'


ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں