کراچی: کالعدم اہل سنت والجماعت نے دعویٰ کیا ہے کہ رینجرز نے ان کی تنظیم کے کراچی ڈویژن کے صدر علامہ رب نواز حنفی کو حراست میں لے لیا۔

تنظیم کے ترجمان عمر معاویہ نے ڈان کو بتایا کہ سندھ رینجرز نے ان کی تنظیم کے کراچی ڈویژن کے صدر علامہ رب نواز حنفی کو لیاقت آباد کی خاموش کالونی میں قائم ان کے گھر سے حراست میں لیا۔

ہر قسم کی دہشت گردی کی مزمت کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اہل سنت والجماعت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کی تنظیم سیکیورٹی اداروں کے تحفطات دور کرنے اور مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی: علامہ مرزا یوسف حسین اور تاج حنفی زیر حراست

اہل سنت والجماعت کے ترجمان نے الزام لگایا کہ صوبائی حکومت تمام حدیں عبور کرچکی ہیں اور ان کی جماعت کو مبینہ طور پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ سیکیورٹی اداروں نے علامہ رب نواز حنفی کی حراست کی تصدیق نہیں کی ہے۔

خیال رہے کہ 6 نومبر 2016 کو سیکیورٹی اداروں نے ناگن چورنگی کے علاقے میں قائم مسجد صدیق اکبر اور اس سے ملحقہ ہاسٹل میں سرچ آپریشن کیا گیا اور اس دوران اہل سنت والجماعت کے سیکریٹری جنرل تاج حنفی کو گرفتار کرلیا تھا، بعد ازاں تاج حنفی کو ایک ماہ کیلئے نظر بند کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اہل سنت والجماعت کے رہنما اورنگزیب فاروقی رہا

ان کی گرفتاری کے حوالے سے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ اہل سنت والجماعت کے رہنما رب نواز حنفی کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ مسجد کے مہتمم مولانا شعیب کی تلاش بھی جاری ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں