کراچی میں ڈکیتی مزاحمت کے دو مختلف واقعات میں پاکستان کوسٹ گارڈ (پی سی جی) کا ملازم اور دو مبینہ ڈکیت ہلاک ہوگئے۔

زمان ٹاؤن میں ملزمان نے کوسٹ گارڈ ملازم جبکہ سائٹ ایریا میں نجی کمپنی کے سیکیورٹی گارڈ نے دو مبینہ ڈاکوؤں کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا۔

پولیس کے مطابق مدینہ کالونی میں اپنے گھر کے قریب موجود 40 سالہ امتیاز فرید کو ڈکیتی مزاحمت کے دوران گولی مار دی گئی، جس کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔

جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کی انچارج سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ امتیاز کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ دم توڑ گیا۔

علیحدہ واقعے میں سائٹ کے علاقے میں نجی سیکیورٹی گارڈ نے دو مبیبنہ ڈاکووں پر فائرنگ کردی جس سے دونوں موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

ایس پی آصف احمد نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ غنی چورنگی کے قریب دو مبینہ ملزمان نے ایک کار کو روکا اور فیکٹری مالک عابد میاں سے موبائل فون اور گھڑی چھینی۔

تاہم اسی اثنا میں فیکڑی کے گارڈ ایاز خان نے ملزمان پر فائرنگ کردی جس سے وہ دونوں ہلاک ہوگئے اور ان کی لاشوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس افسر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے مبینہ ملزمان کی شناخت تاج محمد اور یاسر کے ناموں سے ہوئی ہے۔

بعد ازاں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کراچی مشتاق احمد مہر نے نجی سیکیورٹی گارڈ کو بہادری دکھانے پر 50000 روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں