واشنگٹن: معروف جریدے 'ٹائم' نے ڈونلڈ ٹرمپ کو کاروباری شخصیت کے طور پر انتخابی مہم شروع کرنے اور انقلابی جیت کے بعد امریکی صدر منتخب ہونے پر سال کی بہترین شخصیت قرار دے دیا۔

ٹائم میگزین نے ڈونلڈ ٹرمپ کے نام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کو بیان کرنا مشکل ہے کہ ایک کاروباری شخص کے طور پر اپنے کیریئر کی شروعات کرنے اور رئیلٹی ٹی وی اسٹار کی حیثیت رکھنے والے شخص نے صدارتی معرکہ جیت لیا۔

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے حریف ڈیموکریٹک امیدوار ہیلری کلنٹن کو متنازع اور غیر روایتی صدارتی مہم کے بعد انتخابات میں شکست دی تھی، وہ آئندہ ماہ 20 جنوری کو اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹوئٹر کی ڈونلڈ ٹرمپ کو وارننگ

ٹائم میگزین کے مطابق سال کی بہترین شخصیت کے لیے ہیلری کلنٹن، ترک صدر رجب طیب اردگان اور امریکی گلوکارہ بیونسے کے نام شارٹ لسٹ کیے گئے تھے۔

سال کی بہترین شخصیت قرار دیئے جانے پر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ٹی وی این بی سی کو انٹرویو میں کہا کہ یہ ان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے، مگر ٹرمپ نے میگزین کی جانب سے ملک کو نقصان پہنچانے والے دعووں کو مسترد کردیا۔

ٹائم میگزین نے ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر ٹائٹل پر چھاپتے ہوئے انہیں 'تقسیم شدہ امریکی ریاستوں کا صدر' لکھا ہے، جس پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کو انہوں نے تقسیم نہیں کیا بلکہ وہ امریکیوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے جا رہے ہیں۔


یہ خبر 8 دسمبر 2016 کو ڈان میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں