کراچی: کاروباری ہفتے کے آغاز سے ہی پاکستان اسٹاک ایکسچنج میں زبردست تیزی دیکھی جارہی ہے اور جمعہ 9 دسمبر کو پہلے سیشن کے اختتام پر کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس نے 45 ہزار پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرلیا۔

ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس میں 521 پوائنٹس کی زبردست تیزی کے بعد کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس 45 ہزار 262 پوئنٹس کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔

واضح رہے کہ سال کے آغاز میں لگائے جانے والے اندازے درست ثابت ہوئے، ماہرین کے اندازوں اور پیشگوئی کے عین مطابق سال کے آخر میں کے ایس ای انڈیکس 45 ہزار کی حد عبور کرگیا، یوں ایک سال میں ہنڈرڈ انڈیکس میں 10 ہزار پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکس چینج نے تیزی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے

اسٹاک ایکسچینج میں اس تیزی کی اہم وجہ بینکنگ کے شعبے میں ہونے والی سرمایہ کاری ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد فعال ہے۔

دوسری جانب پاناما کیس میں وزیراعظم کے استعفیٰ کے خدشے کے باعث محتاط سرمایہ کاروں کی بڑی تعداد بھی اب اسٹاک ایکسچینج میں فعال نظر آتی ہے۔

گذشتہ ہفتے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 16 ماہ کی سب سے زائد قیمت 55 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی اور اس اضافے کی وجہ سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں غیرملکی سرمایہ کاروں کی مسلسل دلچسپی دیکھی جارہی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں