کراچی: مقامی سینما گھروں میں بھارتی فلموں کی نمائش کا پیر (آج) سے دوبارہ آغاز کیا جائے گا۔

سینما گھروں کے مالکان نے اڑی حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچنے کے باعث ستمبر میں بولی وڈ فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کردی تھی، جسے اب اٹھانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

ایٹریم سینما کے ندیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ ’بھارتی فلموں کی نمائش پر عائد پابندی پیر سے اٹھالی جائے گی۔‘

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی سینما میں بولی وڈ فلموں پر پابندی

پاکستانی سینما کی انتظامیہ نے بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے پر پابندی لگائے جانے کے بعد 30 ستمبر کو بھارتی فلموں کی نمائش پر بھی غیر معینہ مدت کے لیے پابندی کا اعلان کیا تھا۔

سینما مالکان کی جانب سے یہ فیصلہ، انڈین موشن پکچر پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کی طرف سے پاکستان فنکاروں، گلوکاروں اور ٹیکنیشنز پر بھارت میں کام کرنے پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد کیا گیا۔

مزید پڑھیں: بھارتی فلموں پر پابندی، پاکستانی فنکاروں کا ردعمل

پاکستانی فلم انڈسٹری اس وقت تجدید کے مرحلے سے گزر رہی ہے، لیکن باہر سے درآمد کی جانے والی فلموں کے مقابلے میں اس کے حاضرین کی تعداد کم ہے۔

بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی کی وجہ سے سینما کا کاروبار بُری طرح متاثر ہوا، یہاں تک کہ چند سینما تو کچھ دنوں کے لیے پوری طرح خالی رہے۔

ندیم مانڈی والا نے ڈان کو مزید بتایا کہ پابندی کے عرصے کے دوران جن بھارتی فلموں کی نمائش نہیں ہوسکی، ان کی نمائش پہلے کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ’بھارتی فلموں کی نمائش پر عائد پابندی ختم‘

یاد رہے کہ پاکستانی سینما گھروں میں بھارتی فلموں کی نمائش کا دوبارہ آغاز 43 سال بعد 2008 میں ہوا تھا۔

بھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش پر 1965 کی جنگ کے دوران پابندی لگادی گئی تھی۔


یہ خبر 19 دسمبر 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

ASIF Dec 19, 2016 09:53am
i think being Pakistani i should not watch any indian movies or so..........we are with kashmiris...and i personally condemned their movies to watch in our cinamas
Javed Dec 19, 2016 10:45am
Good move.