گجرانوالہ: صوبہ پنجاب کے شہر گجرانوالہ میں چھٹی جماعت کے ایک طالب علم نے اسکول میں خود کو گولی مار لی۔

پولیس کے مطابق تھانہ سیٹلائٹ ٹاون کے علاقے ڈسپوزل روڈ پر واقع اسکول میں چھٹی جماعت کے طالب علم اسامہ نے کمرہ جماعت میں خود کو گولی مار کر شدید زخمی کرلیا۔

خودکشی کی کوشش کرنے والے طالب علم کو طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔

مزید پڑھیں:ساتھی طالبہ کے قتل کے بعد طالبعلم کی خود کشی

واقعہ کے بعد اسکول میں شدید خوف وہراس پھیل گیا جبکہ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق طالب علم اسامہ نے اپنی والدہ کی ڈانٹ ڈپٹ سے تنگ آکر یہ قدم اٹھایا۔

دوسری جانب اسکول کی سیکیورٹی پر اس حوالے سے بھی سوالات اٹھ رہے ہیں کہ بچہ اسکول کے اندر اسلحہ کیسے لے کرگیا۔

یہ بھی پڑھیں:امتحانی مرکز میں داخلے سے روکنے پر طالب علم کی 'خودکشی'

حالیہ کچھ عرصے کے دوران اسکولوں میں اس قسم کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

رواں برس فروری میں صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے مضافاتی علاقے میں ساتویں جماعت کے ایک طالب علم نے اسکول میں مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی۔

پولیس کے مطابق متوفی بچہ پستول گھر سے بیگ میں چھپا کر لایا تھا۔

مزید پڑھیں:پشاور: اسکول میں طالبعلم کی 'خودکشی'

بعدازاں رواں برس اپریل میں کراچی کے ایک امتحانی مرکز میں داخل ہونے سے روکنے پر طالب علم نے مبینہ طور پر خودسوزی کرلی تھی۔

گذشتہ برس ستمبر میں بھی ایسا ہی ایک المناک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں کراچی کے ایک اسکول میں کمسن طالب علم نے ساتھی طالبہ کو قتل کرنے کے بعد خود کشی کر لی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں