دنیا بھر میں آج کے دن یعنی تین جنوری کو رونما ہونے والے چند مشہور واقعات پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

3 جنوری 1949: سر ایورٹن ویکس نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں مسلسل 5 اننگز میں سنچری بنانے کا انوکھا کارنامہ انجام دیا۔ ان کا 68 سالہ پرانا ریکارڈ آج بھی قائم ہے اور مزے کی بات ہے ان پانچ مسلسل سنچریوں سے پہلے ان کے کھاتے میں ایک بھی 50+ اسکور درج نہیں تھا۔

ان 5 اننگز سے پہلے انہوں نے ٹوٹل 5 اننگز میں صرف 152 رنز بنا رکھے تھے اور جب انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا تو تماشائیوں نے بہت احتجاج کیا۔ انگلینڈ کی بیٹنگ کے دوران ان کے خلاف باقاعدہ جملے کسے جاتے رہے لیکن اس کا جواب انہوں نے 141 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر دیا اور پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا(اس اننگز میں صفر پر ان کا کیچ بھی چھوٹا تھا)۔

سر ایورٹن ویکس کھلاڑیوں سے ملتے ہوئے
سر ایورٹن ویکس کھلاڑیوں سے ملتے ہوئے

اگر انڈیا کے خلاف چنائے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں وہ 90 پر رن آوٹ نہ ہوجاتے تو چھٹی مسلسل سنچری بھی بنا لیتے۔

ان سے پہلے 4 مسلسل سنچریوں کا ریکارڈ آسٹریلیا کے جیک فینگلٹن اور ساؤتھ افریقہ کے ایلن میلوائل کے پاس تھا۔ بعد میں راہول ڈراوڈ ہی 4 مسلسل اننگز میں سنچری اسکور کر سکے ہیں۔

3 جنوری 1929:: ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے پانچویں دن سر ڈان بریڈ مین نے اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری بنائی۔ انہوں نے ٹوٹل 29 ٹیسٹ سنچریاں اسکور کیں جن میں سے 19 انگلینڈ کے خلاف تھیں۔

میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کے اسپورٹس میوزیم میں موجود سر ڈان بریڈ مین کا مجسمہ جس کے اطراف میں آسٹریلیا کے مشہور کھلاڑیوں کی بیگی گرین کیپ رکھی ہوئی ہے— فائل فوٹو اے ایف پی
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کے اسپورٹس میوزیم میں موجود سر ڈان بریڈ مین کا مجسمہ جس کے اطراف میں آسٹریلیا کے مشہور کھلاڑیوں کی بیگی گرین کیپ رکھی ہوئی ہے— فائل فوٹو اے ایف پی

کسی ایک ٹیم کے خلاف سنچریوں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے دوسرے نمبر پر سنیل گواسکر ہیں جنہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 13 سنچریاں اسکور کر رکھی ہیں۔

پاکستان کی طرف سے یونس خان سری لنکا کے خلاف 8 سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔

3 جنوری 1985: انڈیا کے نامور کپتان اور شاندار بلے باز اظہرالدین نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے مسلسل تین میچز میں سنچریاں سکور کیں۔ وہ تاریخ کے واحد بلے باز ہیں جنہوں نے اپنے پہلے 3 مسلسل میچز میں سنچری اسکور کی ہے۔

ہندوستان کے سابق کپتان اظہر الدین
ہندوستان کے سابق کپتان اظہر الدین

3 جنوری 1966:: شارجہ کے چھکے سے منفی شہرت پانے والے چیتن شرما کی سالگرہ ہے۔ اتنی پریشانی و ندامت سٹورٹ براڈ کو 6 چھکے کھانے کے بعد بھی نہیں ہوئی ہوگی جتنی چیتن کو جاوید میانداد کے بعد ہوئی۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق مشہور رہنما جسونت سنگھ
بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق مشہور رہنما جسونت سنگھ

3 جنوری 1956: مشہور زمانہ ہالی ووڈ اسٹار میل گبسن پیدا ہوئے۔ ان کی فلم بریو ہارٹ ہالی ووڈ کی ٹاپ موویز میں سے ایک ہے۔ میل گبسن نے اس فلم کے لئے گولڈن گلوب اور اکیڈمی ایوارڈ برائے بیسٹ ڈائریکٹر جیتے اس کے علاوہ اکیڈمی ایوارڈ فار بیسٹ پکچر بھی ان کے حصے میں آیا تھا۔

3 جنوری 1952: مشہور زمانہ ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر اور کمنٹیٹر جمیز ولیم راس (جم راس) کا یوم پیدائش ہے۔ انہیں 2007 میں ریسلنگ کے سب سے بڑے ادارے ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ کے ہال آف فیم میں بھی شامل کیا گیا ہے۔

3 جنوری 1938: ہندوستان میں وزیر دفاع، وزیر خزانہ، وزیر خارجہ اور اپوزیشن لیڈر کے منصب پر فائز رہنے والے جسونت سنگھ کی سالگرہ ہے۔ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے اعلیٰ عہدیداروں میں شمار کیے جاتے تھے لیکن 2009 میں ان کی ایک کتاب جناح، انڈیا، پارٹیشن، انڈیپینڈینس شائع ہوئی جس میں تقسیم ہند کا ذمے دار جواہر لال نہرو کو ٹھہرانے اور قائد اعظم محمد علی جناح کی تعریف کرنے کے جرم کی پاداش میں انہیں پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں