سماجی کارکن پروفیسر سلمان حیدر لاپتہ

اپ ڈیٹ 07 جنوری 2017

ای میل

پروفیسر سلمان حیدر بنی گالا کے علاقے سے لاپتہ ہوئے—۔فوٹو/ بشکریہ فیس بک
پروفیسر سلمان حیدر بنی گالا کے علاقے سے لاپتہ ہوئے—۔فوٹو/ بشکریہ فیس بک

اسلام آباد: فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے پروفیسر اور انسانی حقوق کے کارکن سلمان حیدر اسلام آباد سے لاپتہ ہوگئے۔

فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے پروفیسر سلمان حیدر—۔فوٹو/ بشکریہ فیس بک
فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے پروفیسر سلمان حیدر—۔فوٹو/ بشکریہ فیس بک

سلمان حیدر کے بھائی ذیشان حیدر کے مطابق وہ گذشتہ رات بنی گالا کے علاقے میں اپنے دوستوں کے ہمراہ موجود تھے۔

انھوں نے بتایا کہ سلمان حیدر نے اپنی اہلیہ کو اطلاع دی تھی کہ وہ رات 8 بجے تک گھر پہنچ جائیں گے، 10 بجے کے قریب اہلیہ نے انھیں فون کیا مگر انھوں نے فون ریسیو نہیں کیا۔

ذیشان حیدر کا مزید کہنا تھا کہ سلمان حیدر کے نمبر سے ان کی اہلیہ کو ایک ایس ایم ایس موصول ہوا کہ کورال چوک سے ان کی گاڑی لے لی جائے۔

پولیس حکام کے مطابق سلمان حیدر کی گاڑی کورنگ ٹاؤن کے قریب سے ملی ہے، جبکہ تھانہ لوئی بھیر میں ان کے اغواء کی رپورٹ درج کرلی گئی۔

مقدمہ سلمان حیدر کے صحافی بھائی ذیشان حیدر کی درخواست پر درج کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

سلمان حیدر پیشے کے اعتبار سے استاد ہیں اور 5 سال سے زائد عرصے سے فاطمہ جناح یونیورسٹی سے منسلک ہیں، وہ ادب، تھیٹر میں اداکاری، ڈرامہ نگاری اور صحافت بھی کر چکے ہیں۔