'میرے بچے گذشتہ ماہ مسیحی تھے'

اپ ڈیٹ 10 جنوری 2017
فرح اور سیریش اپنے بچوں کے ہمراہ—۔فائل فوٹو
فرح اور سیریش اپنے بچوں کے ہمراہ—۔فائل فوٹو

بولی وڈ اداکارہ، ہدایتکارہ اور کوریوگرافر فرح خان تو اپنی حاضر جوابی کے لیے مشہور ہیں ہی، لیکن ان کے شوہر سیریش کندر بھی کچھ کم نہیں۔

فرح اور سیریش کندر کی شادی دسمبر 2004 میں ہوئی، ان کی 2 بیٹیاں اور ایک پیٹا ہے۔

فرح کے شوہر ایک مصنف، ڈائریکٹر، ایڈیٹر اور کمپوزر ہیں، ساتھ ہی وہ بہترین حسِ مزاح بھی رکھتے ہیں اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس کا ثبوت بھی دیتے رہتے ہیں۔

حال ہی میں سیریش نے امریکی ریاست ایریزونا میں واقع گرینڈ کینیون نیشنل پارک میں لی گئی فرح خان اور اپنے بچوں کی ایک تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی اور ساتھ میں لکھا، 'میری فیملی مجھے پہاڑ سے نیچا دھکا دے کر فخریہ انداز میں گرینڈ کینیون پر پوز دے رہی ہے'۔

ساتھ ہی انھوں نے لکھا، 'یہاں وقت کا بالکل اندازہ نہیں ہورہا، کیا یہ 2017 ہی ہے؟'

جس کے بعد ایک خاتون نے ٹوئٹر پر سیریش سے سوال کیا کہ آپ کے بچوں کا مذہب کیا ہے؟

جس پر سیریش نے جواب دیا، 'اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ کون سا تہوار قریب ہے، گذشتہ ماہ وہ مسیحی تھے'۔

یہاں سیریش نے 25 دسمبر کو ہونے والے مسیحی برادری کے مذہبی تہوار کرسمس کی طرف اشارہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ فرح خان مسلمان ہیں جبکہ ان کے شوہر ہندو مت کے پیروکار ہیں۔

دوسری جانب اپنی اہلیہ کی سالگرہ کے موقع پر آج انھوں نے فرح خان کے لیے بھی ایک پیغام دیا، لیکن یہاں بھی مذاق کو ہاتھ سے جانے نہیں دیا اور لکھا، 'میری بیگم کو سالگرہ مبارک، جو مجھ سے 8 سال بڑی ہے لیکن مجھ سے 20 سال چھوٹی ہے'۔

ساتھ ہی انھوں نے مذاقاً لکھا کہ اس ٹوئیٹ کے لیے انھیں پیسے دیئے گئے۔

سیریش کندر ٹوئٹر پر اس وقت کافی مقبول ہیں اور ان کو فالو کرنے والے افراد کی تعداد 2 لاکھ 91 ہزار کے قریب ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں