اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے برآمد کنندگان کے لیے 180 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں تجارت کے فروغ کے لیے اقدامات کی تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ برآمد کنندگان اور تاجروں سے ملاقات پر خوشی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے کچھ نہیں کیا جس کے باعث ملک مسائل کا شکار ہوا، جبکہ ملک کے مستقبل سے متعلق بھی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں۔

ساتھ ہی انھوں نے اپنی حکومت کی بھی تعریف کی اور بتایا کہ ہم بجلی کی قلت پر پریشان تھے لیکن اللہ نے مدد کی اور آج حالات بہتر ہیں۔

مزید پڑھیں:ترقیاتی اسکیموں کیلئے صرف 35 فیصد فنڈز کا اجراء

توانائی کی پیداوار کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ ہمارا ہدف سستی اور وافر بجلی پیدا کرنا ہے اور بجلی کی پیداوار کے لیے ملکی کوئلے کے استعمال پر خوشی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ اگلے چند سالوں میں 30 ہزار میگاواٹ بجلی ہمارے سسٹم میں شامل ہوگی، یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے بلکہ بہت خوش آئند بات ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ ان کی حکومت میں ملک کی معیشت بہتر ہوئی اور مہنگائی کی شرح 3 سے 4 فیصد کے درمیان ہوگئی ہے اور توقع ہے کہ آئندہ سال شرح نمو 5.5 فیصد سے تجاوز کرجائے گی۔

انھوں نے مزید بتایا کہ بلوچستان مکمل طور پر تبدیل ہور رہا ہے اور یہاں متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اربوں روپے مالیت کے 14 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

وزیراعظم نے بتایا کہ ملک میں موٹر ویز اور ہائی ویز بن رہی ہیں اور بلوچستان کو سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا سے ملایا جارہا ہے۔

ساتھ ہی انھوں نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی پالیسیوں پر تنقید اصلاح کے پہلو سے کی جانی چاہیے، ایسا ماحول پیدا نہ کیا جائے جس سے مایوسی پھیلے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو تاریکی میں دھکیلنے والوں سے پوچھ گچھ ہونی چاہیے۔

تبصرے (0) بند ہیں