کراچی: گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی علالت کے باعث انتقال کرگئے۔

سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس سندھ کے 31ویں گورنر تھے اور انہیں 14 سال سے زائد عرصے تک گورنر کے عہدے پر فائز رہنے والے ڈاکٹر عشرت العباد کی جگہ اس عہدے پر مقرر کیا گیا تھا۔

گورنر ہاؤس کے ترجمان کے مطابق سعیدالزمان صدیقی نے 11 نومبر 2016 کو گورنر کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، اس طرح وہ صرف 2 ماہ 2 دن گورنر کے عہدے پر فائز رہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ انہیں سینے میں تکلیف اور سانس لینے میں دشواری پر نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ترجمان نے کہا کہ سعیدالزماں صدیقی کی نماز جنازہ 13 جنوری کو بعد نماز جمعہ پولو گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی، جبکہ ان کی تدفین گزری قبرستان میں ہوگی۔

صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے سعید الزماں صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹس سعید الزماں نے گورنر سندھ کے عہدے کا حلف اٹھالیا

وزیر اعظم کا اپنے تعزیتی پیغام میں میں کہنا تھا کہ قانون وانصاف کے لیے سعیدالزماں صدیقی کی گراں قدر خدمات ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے بھی ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سعیدالزماں صدیقی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی سعیدالزماں صدیقی کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔

سعیدالزماں صدیقی کے انتقال کے بعد اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی قائم مقام گورنر بن گئے، وہ نئے گورنر کی نامزدگی اور حلف برداری تک قائم مقام گورنر کے فرائض انجام دیں گے۔

سعیدالزماں صدیقی کون تھے؟

سعید الزماں صدیقی یکم دسمبر 1937 کو بھارت کے شہر لکھنؤ میں پیدا ہوئے۔

وہ پاکستان کے 15ویں چیف جسٹس بنے اور یکم جولائی 1999 سے 26 جنوری 2000 تک چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہے۔

مزید پڑھیں: وفاق کو گورنر سندھ کے متبادل کی 'تلاش'

انہوں نے پرویز مشرف کے دور حکومت میں پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کردیا تھا، حلف نہ اٹھانے کی پاداش میں انہیں برطرف کرکے اہل خانہ سمیت نظر بند کردیا گیا تھا۔

سعیدالزماں صدیقی کو 25 اگست 2008 کے صدارتی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) نے صدارتی امیدوار بھی نامزد کیا تھا۔

تبصرے (2) بند ہیں

Raja Bilal Jan 11, 2017 05:56pm
Inna Lillah e Wa Inna Alayhe Rajeoun
ahmak adamı Jan 11, 2017 11:04pm
made record in history of by appointment as life time governor. He is the first person to die as governor.