ایل جی کا نیا فلیگ شپ فون ثابت ہوگا غیر معمولی؟

11 جنوری 2017
ایل جی وی ٹین — فوٹو بشکریہ ایل جی
ایل جی وی ٹین — فوٹو بشکریہ ایل جی

اگر تو آپ کو ایل جی کے اسمارٹ فونز پسند ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اس کا نیا فلیگ شپ فون ایسی اسکرین کا حامل ہوگا جو آج تک کسی دوسری ڈیوائس میں دیکھنے میں نہیں آئی۔

ایل جی کا جی سکس نامی فلیگ شپ فون 26 فروری کو بارسلونا میں شیڈول موبائل ورلڈ کانگریس کے آغاز سے ایک دن قبل متعارف کرایا جائے گا۔

ایل جی نے اعلان کیا ہے کہ یہ 5.7 انچ ایل سی ڈی والا اسمارٹ فون ہوگا جو 18:9 ایسپیکٹ ریشو اور کیو ایچ ڈی پلس اسکرین کے ساتھ ہوگا جبکہ اس کا ریزولوشن 2880x1440 ہوگا۔

سننے میں ہوسکتا ہے یہ عام لگے مگر اس کا بارڈر یا ایج نہ ہونے کے برابر ہوگا اور 5.7 انچ اسکرین دیکھنے میں کسی 5 انچ کے اسمارٹ فون جتنی ہی محسوس ہوگی۔

ایل جی کے مطابق ہم اپنے صارفین کو دیگر سے ہٹ کر اسمارٹ فون ڈسپلے کا تجربہ فراہم کرنا چاہتے ہیں جو کہ پہلے سے پتلا اور ہلکا بھی ہوگا۔

ایل جی نے مزید فیچرز کے بارے میں فی الحال نہیں بتایا۔

تاہم مختلف اطلاعات کے مطابق ایل جی جی سکس 2 اسکرینز کے ساتھ ہوسکتا ہے، یہی وہ فیچر ہے جو اس کمپنی نے وی ٹین اور وی ٹوئنٹی اسمارٹ فونز میں بھی پیش کیا۔

اسی طرح یہ اسنیپ ڈراگون 835 پراسیسر اور چھ جی بی ریم والا فون ہوگا، مگر اس بار یہ جی فائیو کی طرح موڈیولر نہیں ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں