چڑیا اور رحم دل شخص کی حقیقی کہانی

11 جنوری 2017
تصویر بشکریہ بورڈ پانڈا
تصویر بشکریہ بورڈ پانڈا

ننھی چڑیا اور رحم دل شخص کے حوالے سے کتابوں میں تو کئی کہانیاں پڑھنے کو ملتی ہیں تاہم حقیقی زندگی میں ایسی مثال کم ہی دیکھنے کو ملتی ہے۔

امریکی ریاست ایڈاہو میں ایسا ہی ایک دل پگھلانے والا واقعہ پیش آیا ہے۔

ویب سائٹ بورڈ پانڈا کی رپورٹ کے مطابق ہوا کچھ یوں کہ نیسلن ولسن نامی ایک شخص صبح سویرے اپنے گھوڑوں کا چارہ ڈال رہا تھا جب اس نے دیکھا کہ ایک چڑیا پانی کے ٹینک کے اوپر لگے لوہے کی سلاخ پر بیٹھی ہے اور اڑنے کی ناکام کوشش کررہی ہے۔

تصویر بشکریہ بورڈ پانڈا
تصویر بشکریہ بورڈ پانڈا

ولسن نے قریب جاکر دیکھا تو معلوم ہوا کہ چڑیا پانی پینے کے لیے یہاں آئی تھی اور جب وہ سلاخ پر بیٹھی تو اس کی گرمائش سے راڈ پر جمی برف پگھل گئی تاہم جلد ہی سرد ہوا نے اسے دوبارہ جما دیا اور ساتھ ہی چڑیا کے پنجے بھی اس میں جم گئے۔

امریکی ریاست ایڈاہو میں ان دنوں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے گر چکا ہے، بہرحال جب نیلسن نے چڑیا کو دیکھا تو انہیں اس پر بہت رحم آیا اور انہوں نے اس کی مدد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پہلے نیلسن نے اپنی ہتھیلی سے چڑیا کے پنجے کے قریب لوہے کی سلاخ پر جمی برف پگھلانے کی کوشش کی اور بعد میں انہوں نے اپنی پھونک کے ذریعے پنجے کے ارد گرد جمی برف کو پگھلانے کی کوشش کی اور اس میں کامیاب بھی رہے۔

انہوں نے بہت ہی آرام سے چڑیا کو چھڑایا اور پھر اسے آزاد کردیا، ولسن کہتے ہیں کہ انہیں یہ کام کرکے بہت ہی اطمینان محسوس ہوا ساتھ ہی وہ لوگوں کو یہ سبق دینا چاہتے تھے کہ ہمیں ہرحال میں ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے۔


تبصرے (0) بند ہیں