راولپنڈی کی تحصیل ٹیکسلا میں جائیداد کے تنازع پر نوجوان نے فائرنگ کر کے 6 افراد کو قتل کردیا۔

ٹیکسلا کے گنجان آباد علاقے لوسر شرفو میں حمزہ نامی نوجوان نے ایک گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

حمزہ کی فائرنگ سے اس کی خالہ فوزیہ اور ان کے بیٹے احتشام سمیت 6 افراد ہلاک ہوئے، جس میں گھر کے 2 ملازمین بھی شامل ہیں۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) واہ کینٹ ساجد گوندل کا کہنا تھا کہ ’ہمیں واقعے کی اطلاع اس وقت ملی جب مقتول احتشام کی اہلیہ زخمی حالت میں تھانہ آئی اور اس نے بتایا کہ گھر میں ان کے خاوند کے کزن حمزہ نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔

یہ بھی پڑھیں: جائیداد کا تنازع، حاملہ خاتون کو جیٹھ نے آگ لگادی

پولیس نے اطلاع ملتے ہی گھر کو چاروں طرف سے گھیرے میں لے لیا اور جب اندر گھسی تو 6 افراد خون میں لت پت پڑے تھے جنہیں ایک، ایک گولی لگی تھی۔

ڈی ایس پی نے کہا کہ زخمی خاتون کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ ملزم حمزہ خونی واردات کے بعد فرار ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم حمزہ کی عمر 19 برس ہے اور وہ نجی یونیورسٹی میں زیر تعلیم رہا ہے۔

ساجد گوندل کا کہنا تھا کہ پولیس کو جائے وقوع سے تیس بور پسٹل کی گولیوں کے خول ملے ہیں۔

مزید پڑھیں: بیٹی کے ہاتھوں مبینہ طور پر باپ قتل

انہوں نے کہا کہ ملزم حمزہ کے خلاف قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا، ملزم کے موبائل فون کا ریکارڈ حاصل کیا جا رہا ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

پولیس اور اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ نوجوان حمزہ نے جائیداد ہتھیانے کے لیے ایک ہی خاندان کے 4 افراد اور دو ملازمین کو قتل کیا۔

قاتل ٹریفک حادثے میں ہلاک

ٹیکسلا میں 6 افراد کو قتل کرکے فرار ہونے والا حمزہ بعد ازاں ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوگیا۔

ملزم حمزہ قتل کی واردات کے بعد فیصل آباد فرار ہو رہا تھا کہ اسی دوران پنڈی بھٹیاں کے مقام پر ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوا۔

ایس ایچ او صدر واہ یاسر کیانی کا کہنا تھا کہ ملزم حمزہ نے فیاض موڑ کے پاس مہران گاڑی کو ٹکر ماری، ملزم کے پاس ایکس ایل آئی گاڑی تھی جس پر جعلی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی۔

انہوں کے کہا کہ ملزم کی شناخت کر لی گئی اور اس کی لاش ٹیکسلا منتقل کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں