گجرانوالہ: صوبہ پنجاب کے ضلع گجرانوالہ میں 2 طالبات سیلفی لیتے ہوئے کالج کی چھت سے گر کر زخمی ہوگئیں۔

کالج انتظامیہ کے مطابق سیٹلائٹ ٹاون میں واقع گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کی 2 طالبات چھت پر کھڑے ہوکر سیلفی لے رہی تھیں کہ اس دوران وہ نیچے گر گئیں۔

چھت سے گرنے کے نتیجے میں فرسٹ ایئر کی دونوں طالبات کے سر پر چوٹیں آئیں، جنھیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسری طرف تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس بھی جائے وقوع پر پہنچی اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔

مزید پڑھیں:سیلفی حادثہ: 11 سالہ لڑکی والدین سمیت دریا میں ڈوب کر ہلاک

پوری دنیا سمیت پاکستان میں بھی سیلفی لینے کے دوران پیش آنے والے حادثات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

گذشتہ برس اگست میں صوبہ خیبرپختونخوا میں ایک 11 سالہ لڑکی سیلفی لیتے ہوئے دریا میں جاگری تھی، جسے بچانے کی کوشش کرتے ہوئے اس کے والدین بھی ڈوب کر ہلاک ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:چلتی ٹرین کے سامنے سیلفی لینے والا نوجوان ہلاک

دسمبر 2015 میں راولپنڈی میں چلتی ہوئی ٹرین کے سامنے سیلفی لینے کا شوقین 22 سالہ نوجوان اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔

اس سے قبل جون 2015 میں صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں نقلی پستول کے ساتھ سیلفی لینے والے نوجوان کو پولیس نے ڈاکو سمجھتے ہوئے گولی مار کر ہلاک کردیا تھا۔

گزشتہ برس نومبر میں سامنے آنے والے اعدادو شمار کے مطابق پاکستان سیلفی کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں