ڈان نے اپنے اردو قارئین کیلئے ہر تاریخ کورونما ہونے والے اہم واقعات(خصوصاً) کی فہرست پیش کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے اور اس سلسلے میں 17جنوری کو پیش آنے والے چند اہم واقعات پیش خدمت ہے۔

17جنوری 1925: پاکستان کے سب سے پہلے ٹیسٹ کپتان عبدالحفیظ کاردار پید اہوئے تھے۔ آپ ایک انتہائی اصول پسند انسان اور پاکستان کرکٹ کے بانیان میں سے ایک گنے جاتے ہیں۔ 1946 میں وہ متحدہ ہندوستان کی جانب سے انگلینڈ میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کر چکے تھے۔ اس سیریز میں انہیں 3 ٹیسٹ میچز ملے تھے لیکن اس کے بعد وہ کبھی انڈیا کے لئے نہیں کھیلے۔

پاکستان کے لئے انہوں نے صرف 23 میچز کھیلے اور سب میں کپتان رہے۔ اس میں سے 6 فتوحات اور 6 ہی شکستیں ملیں۔ وہ دلیر کپتان تھے اور اس لئے ہمیشہ نیوٹرل امپائر کی افادیت پر زور دیتے رہے۔ 1977 میں کرکٹ بورڈ کی ذمہ داری صرف اس لئے چھوڑ دی کہ انہیں حکومتی مداخلت پسند نہیں تھی۔

17 جنوری 1939: متحدہ ہندوستان کے شہر گوا میں انتاو ڈی سوزا پید اہوئے تھے۔ وہ پاکستان کی نمائندگی کرنے والے دوسرے غیرمسلم کھلاڑی بنے۔ ڈی سوزا میڈیم فاسٹ کے ساتھ اسپن باولنگ بھی کرتے رہے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1959 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کیا تھا۔ یہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چئیرمین اعجاز بٹ کا بھی پہلا ٹیسٹ میچ تھا۔

17 جنوری 1926: سر کلائیڈ والکوٹ کا یوم پیدائش ہے۔ کھیل میں ان جیسے مکمل بلے باز چند ہی ہوں گے۔ 1945 سے 1955 کا عشرہ ویسٹ انڈیز بلے بازی کا سنہری ٹاپ عشرہ تھا۔ ایورٹن ویکس جارج ہیڈؒلی اور فرینک وورل جیسے بڑے بلے باز ویسٹ انڈیز کے لئے کھیلتے تھے اور ان میں اپنا آپ منوانا ایک مشکل کام تھا لیکن والکوٹ نے یہ کر دکھایا۔

55-1954 میں انہوں نے 12 ٹیسٹ میچز میں 10 سنچریاں بنائیں۔ اسی دوران آسٹریلیا کے ساتھ 5 میچز کی سیریز میں انہوں نے 5 سنچریاں اسکور کیں جو آج بھی ایک ریکارڈ ہے۔ پاکستان کی طرف سے یہ ریکارڈ محمد یوسف کے پاس ہے جنہوں نے 2006 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 میچز میں 4 سنچریاں بنائی تھیں۔

17 جنوری 2016: نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کی باؤلنگ کو تختہ مشق بناتے ہوئے 169 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کر لیا۔

مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن نے صرف 17.4 اوورز میں ہدف پورا کر دیا تھا اور 171 رنز کی یہ شراکت ٹی20 کرکٹ میں کسی بھی وکٹ کیلئے سب سے بڑی پارٹنرشپ کا عالمی ریکارڈ بن گئی۔

وریندر سہواگ اور راہول ڈراوڈ— فوٹو: اے ایف پی
وریندر سہواگ اور راہول ڈراوڈ— فوٹو: اے ایف پی

17 جنوری 2006: وریندر سہواگ اور راہول ڈراوڈ کے درمیان 410 رنز کی پارٹنرشپ ہوئی تھی۔ لاہور ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف اگر یہ جوڑی مزید 3 رنز بنا لیتی تو پہلی وکٹ کے لیے سب سے بڑی پارٹنرشپ کا ریکارڈ بن جاتا۔

1956 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ونو منکڈ اور پنکج رائے نے 413 رنز بنائے تھے۔ پہلی وکٹ کے لئے سب سے زیادہ رنز کا موجودہ عالمی ریکارڈ نیل میکنزی اور گریم سمتھ کے پاس ہے جنہوں نے 2008 میں بنگلہ دیش کے خلاف 415 رنز بنائے تھے۔

17 جنوری 1991: آپریشن ڈیزرٹ سٹارم کا عملی مرحلہ شروع ہوا تھا جس میں سعودیہ برطانیہ اور امریکا کی سرپرستی میں متحدہ فوج نے عراق پر باقاعدہ حملہ کر دیا تھا۔ عراق کے کویت پر حملے کے نتیجے میں شروع ہونے والی جنگ نے عرب ممالک میں امریکی مداخلت کو انتہاؤں پر پہنچا دیا۔ یہ پہلی جنگ تھی جس کی سی این این جیسے چینل لائیو کوریج کرتے رہے اور دنیا نے تباہی اپنی آنکھوں سے دیکھی۔

17 جنوری 1946: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا پہلا اجلاس منعقد ہوا تھا۔ اس کے 15 ارکان ہیں جن میں سے 5 مستقل اراکین امریکا، چین، برطانیہ، روس اور فرانس ہیں جبکہ باقی دس بدلتے رہتے ہیں۔ ویٹو پاور صرف 5 مستقل ارکان کو حاصل ہے۔

محمد علی کلے— فائل فوٹو: رائٹرز
محمد علی کلے— فائل فوٹو: رائٹرز

17 جنوری 1942: عظیم باکسر محمد علی کلے کی سالگرہ ہے۔ ان کا پہلا نام کیسیئس مرسیئس کلے تھا۔ 65-1964 میں انہوں نے اسلام قبول کیا اور ان کا نام محمد علی کلے رکھا گیا۔ کھیل کے میدان میں انہوں نے ہر وہ اعزاز حاصل کیا جس کا کوئی بھی ایتھلیٹ صرف سوچ سکتا ہے۔

سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش عظیم باکسر کو صدارتی میڈل فار فریڈم پہنا رہے ہیں— فوٹو:  رائٹرز
سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش عظیم باکسر کو صدارتی میڈل فار فریڈم پہنا رہے ہیں— فوٹو: رائٹرز

پانچ بار ٹائم میگزین نے انہیں اپنے سرورق پر جگہ دی اور یہ اعزاز کسی اور ایتھلیٹ کو نصیب نہ ہوا۔ سپورٹس السٹریٹڈ نامی جریدے نے انہیں 37 مرتبہ اپنے کور ٹائٹل پر جگہ دی۔ ان سے زیادہ صرف مائیکل جورڈن کو اتنی بار جگہ ملی ہے۔ رنگ میگزین نے 1988 میں انہیں آل ٹائم بیسٹ باکسر قرار دیا۔ وہ طویل عرصے تک ورلڈ ہیوی ویٹ چمپئین رہے۔

17 جنوری 1945: مشہور انڈٰین شاعر جاوید اختر کی آج سالگرہ ہے وہ پدما شری، پدما بھوشن اور 13 فلم فیئر ایوارڈز جیت چکے ہیں۔

17 جنوری 1921: ایئر مارشل اصغر خان کا یوم پیدائش ہے۔ وہ پاکستان ایئر فورس کے کمانڈر ان چیف بھی رہے اور بعد میں پی آئی اے کے صدر بھی بنے۔ انہوں نے سیاسی پارٹی تحریک استقلال بنائی اور 1977 کی نظام مصطفیٰ تحریک میں وہ پاکستان نیشنل الائنس کے مرکزی رہنماوں میں سے ایک تھے۔ پی این اے کی تحریک کے نتیجے میں ہی 1977 کا مارشل لا لگا۔

ان کی ہی درخواست پر پر سپریم کورٹ نے 1990 کے الیکشن کے بارے میں فیصلہ سنایا کہ 140 ملین روپے اسلامی جمہوری اتحاد کی تشکیل پر کیسے خرچ کیے گئے اور الیکشن میں باقاعدہ دھاندلی ہوئی۔ ان کی سیاسی پارٹی 2012 میں تحریک انصاف میں ضم ہو گئی۔

17 جنوری 2008: ہندوستان کے عظیم لیگ اسپنر انیل کمبلے نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 600ویں وکٹ حاصل کیں۔ وہ اپنے ہم عصروں مرلی دھرن اور شین وارن کی طرح اپنی ٹیم کے اہم ترین رکن تھے اور ہندوستان کے کسی اور باؤلر نے اپنی ٹیم کو کمبلے سے زیادہ میچز نہ جتوائے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں 619 وکٹیں لینے والے اس باؤلر نے پاکستان کے خلاف میچ کی ایک اننگز میں دس وکٹیں لیں اور جم لیکر کے بعد یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے محض دوسرے باؤلر اور اس کے بعد سے آج تک کوئی اور باؤلر یہ کارنامہ انجام نہیں دے سکا۔

تبصرے (0) بند ہیں