پھول گوبھی چرانے پر شاہ رخ کو 'جیل'

اپ ڈیٹ 21 جنوری 2017
شاہ رخ، سلمان خان کےرئیلٹی شو 'بگ باس 10' میں اپنی فلم 'رئیس' کی تشہیر کیلئے موجود تھے—۔فوٹو/ بشکریہ انڈین ایکسپریس
شاہ رخ، سلمان خان کےرئیلٹی شو 'بگ باس 10' میں اپنی فلم 'رئیس' کی تشہیر کیلئے موجود تھے—۔فوٹو/ بشکریہ انڈین ایکسپریس

شاہ رخ اور سلمان خان کی دوستی روز بروز بڑھتی جارہی ہے، گذشتہ برس بھی شاہ رخ، دبنگ خان کے رئیلٹی شو 'بگ باس 9' میں شریک ہوئے تھے اور رواں سیزن میں بھی انھوں نے سلمان خان کے شو کی رونق بڑھائی۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق کنگ خان 'بگ باس 10' میں اپنی آنے والی فلم 'رئیس' کی تشہیر کے لیے موجود تھے، جہاں انھوں نے شو کے میزبان سلمان خان کے ساتھ مل کر شائقین کو خوب محظوظ کیا۔

اس شو میں سلمان خان نے پولیس اہلکار چلبل پانڈے اور شاہ رخ نے معصوم چور کا روپ دھارا، جہاں 120 گرام کی پھول گوبھی چرانے پر سلمان خان نے کنگ خان کو جیل میں بند کردیا۔

اس موقع پر جب سلمان خان سے سوال کیا گیا کہ اگر وہ اور شاہ رخ 'بگ باس' کے گھر میں بحیثیت امیدوار شریک ہوتے تو آپ کیا کرتے؟ دبنگ خان کا کہنا تھا کہ 'ہم کنچے کھیلتے'۔

شو کی قسط آج بروز ہفتہ (21 جنوری) کو آن ایئر کی جائے گی۔

شاہ رخ اور سلمان نے ایک ساتھ کئی فلموں میں کام کیا ہے، جن میں ’کرن ارجن‘ اور ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ شامل ہیں۔

دونوں کی دوستی میں دراڑ اُس وقت آئی جب 2009 میں کترینہ کیف کی جانب سے منعقد کی گئی ایک تقریب میں سلمان اور شاہ رخ کا جھگڑا ہوا۔

مزید پڑھیں:سلمان بھی شاہ رخ خان کے ’فین‘

اس کے بعد دونوں نے کافی عرصے تک ایک دوسرے سے تعلق نہیں رکھا تاہم اس سرد جنگ کا اختتام 2014 میں سلمان خان کی بہن ارپیتا کی شادی کے دوران ہوا۔

شاہ رخ خان نے اپنی فلم 'دل والے' کی تشہیر کے لیے سلمان خان کے رئیلٹی شو ’بگ باس 9‘ میں بھی شرکت کی تھی، جسے پورے سیزن کی سب سے کامیاب قسط قرار دیا گیا تھا اور اب وہ اپنی فلم 'رئیس' کی تشہیر کے لیے 'بگ باس 10' میں آئے۔

25 جنوری کو ریلیز ہونے والی فلم 'رئیس' میں شاہ رخ خان نے ایک گجراتی گینگسٹر کا کردار ادا کیا ہے، فلم میں ماہرہ خان اور نوازالدین صدیقی بھی اہم کردار کرتے نظر آئیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں