پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اگر کسی نے آنکھ اٹھا کر نواز شریف کی طرف دیکھا تو کارکن ان سے نمٹنا جانتے ہیں۔

گجرانوالہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ حکومت نے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جس کی وجہ سے ملک میں آج امن کی فضا بحال ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کا سارا کریڈیٹ میاں نواز شریف کو جاتا ہے، اگر کسی نے میاں نواز شریف کو ہٹانے کی کوشش کی تو عوام کا سمندر اسکا مقابلہ کرے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ترقی کا سفر اسی طرح چلتا رہا تو 2018 کے الیکشن میں پھر ن لیگ ہی کامیاب ہوگی۔

اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کی نیت کو اچھی طرح جانتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جرمن اخبار نے مریم نواز کا پاناما پیپر سے تعلق ظاہر کردیا

عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'عمران خان کو دھاندلی کے کیس میں کچھ نہ مل سکا اور اب پاناما میں بھی کچھ ہاتھ نہیں آئے گا'۔

انہوں نے کہا کہ 'عمران خان روزانہ سپریم کورٹ کے سامنے کھڑا ہو کر بدزبانی کرتے ہیں جسے کوئی پوچھنے والا نہیں ،کیا یہ توہین عدالت نہیں'۔

سعد رفیق نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ' اگر عدالت میں گئے ہو تو عدالتی کاروائی کا انتظار کرو'۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان روزانہ ہم سے استعفوں کا مطالبہ کرتے ہیں لیکن آرمی پبلک اسکول جیسے دلخراش واقعہ پر خیبر پختونخوا کے کسی وزیر یاسیکیورٹی افسر نے کیوں استعفیٰ نہیں دیا۔

مزید پڑھیں: 'وزیراعظم کی تقریر اسمبلی کارروائی کاحصہ، مگر استحقاق حاصل نہیں'

خواجہ سعد رفیق نے پیپلزپارٹی کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کو کراچی آپریشن ایک آنکھ نہیں بھاتا تھا جس پر آصف زرداری نے ہمیشہ اسپیڈ بریکر لگوانے کی کوشش کی لیکن ہم سیاسی مصلحت کا شکار نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ 'جب 2013 میں نواز شریف نے اقتدار سنبھالا تو ملک کے حالات خراب تھے، کراچی مقتل بنا ہوا تھا، روزانہ 200 لوگ ایک دن میں قتل کردیے جاتے تھے، آج کراچی کی روشنیاں بحال ہو رہی ہیں'۔

بلاول بھٹوزرداری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ 'مجھے یہ سمجھ نہیں آتی کہ لوگ سیاسی مفادات کی خاطر اپنا نام کیوں تبدیل کر لیتے ہیں، بلاول کے پنجاب آنے سے انہیں کچھ ووٹ تو مل ہی جائیں گے۔

ورکر کنونشن سے خطاب میں حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی مثبت پالیسویوں کی وجہ سے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں کمی آئی اور ملکی معیشیت میں بھی دن بہ دن بہتری آرہی ہے۔

قبل ازیں مسلم لیگ ن کا ورکرز کنونشن ہُلڑ بازی کی بھی نذر ہوتا رہا جبکہ اسٹیج پر جانے سے روکنے پر کارکن قیادت سے شکایات کرتے رہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

ولی خان Jan 23, 2017 09:02pm
چور تو چور ہو تا اور درباری درباری ہوتی ہے
atif Jan 24, 2017 09:29am
saad sb. it is humble request to plz pay attention on your Ministry (Railway) that have given to you.